Ahram Mein Satar Khul Jaye, Tu Kya Kaffara Hoga

 

احرام میں سِتر کھل جائے، تو کیا کفارہ ہوگا؟

مجیب:مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1741

تاریخ اجراء:19ذوالقعدۃالحرام1445ھ/28مئی2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   احرام میں کتنا سِتر کھلنے سے کیا کفارہ لازم ہوتا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگردورانِ  طواف بقدرِ مانعِ نماز سِتر کھلا رہا(یعنی اتنا ستر کھلا جتنا کھلا ہونے کی صورت میں نماز نہیں ہوتیتوطواف اگرچہ ہوگیا، مگرواجب ترک ہوا اور کفارہ بھی لازم ہوگا۔ ایسے شخص کے لئے حکمِ شرع یہ ہے کہ جب تک  مکہ مکرمہ میں ہو، اس  طواف کااِعادہ کرے یعنی یہ طواف دوبارہ کرے۔اگرطواف کا درست طریقے پر اِعادہ کرلیا، تو لازم آنے والا کفارہ ساقط ہوجائے گا اور اگر بغیر اِعادہ کئے مکہ مکرمہ  سے چلا گیا، تو بعض صورتوں میں دَم اور بعض صورتوں میں صدقہ لازم ہوگا۔ اس کی تفصیل درج ذیل ہے:

   1۔طوافِ فرض یا طوافِ  واجب مثلاً طوافِ زیارت،طوافِ عمرہ اورطوافِ وَداع میں سے کوئی  طواف اس حالت میں کیا کہ سِترِ عورت بقدرِ مانعِ  نماز کھلا رہا،  تو اِعادہ نہ کرنے کی صورت میں دَم لازم آئے گا۔

   2۔طوافِ نفل یا طوافِ سنت میں سے کسی طواف میں سِترِ عورت بقدرِ مانعِ نماز کھلا رہا تو اِعادہ نہ کرنے کی صورت میں صدقہ لازم ہے۔(ماخوذ از ستائیس واجبات حج، صفحہ 164 تا 166، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   نوٹ:دَم سے مراد حدودِ حرم میں بکرایا دنبہ وغیرہ قربان کرنا ہے۔ صدقہ سے مراد ایک صدقہ فطر  کی مقدار (تقریباً دو کلو آٹے کی رقم)  ہے، جو کسی شرعی فقیر مستحقِ زکوٰۃ کو دیناہوگا، اس میں بہتر یہ ہے کہ حرم کے مساکین کو دیا جائے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم