Internet Par Fahash Mawad Dekhne Ka Hukum Aur Bachne Ka Tarika

انٹر نیٹ پر فحش مواد دیکھنے کا حکم اور بچنے کا طریقہ

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-977

تاریخ اجراء: 16ذو  الحجۃلحرام1444 ھ/05جولائی2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کسی کو انٹرنیٹ پر موجود فحش ویڈیو دیکھنے کی عادت ہو جائے اور وہ ایک دن دیکھ کر پھر اسی وقت توبہ بھی کر لے اور اگلے دن پھر دیکھ لے اور پھر اسی وقت توبہ بھی کر لے، تو اس کا یہ عمل کیسا ہے ؟کیا اس کو اس کا گناہ ملے گا؟ اوراس سے بچنے کا کوئی حل بھی بتائیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   فحش وعریانی پر مشتمل ویڈیوز  یا تصاویر دیکھنا سخت ناجائز و حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے ،جس  سے فی الفور توبہ کرنا شرعاً  واجب ہے۔ اور چونکہ  گناہ پر ندامت اختیار کرنا اور آئندہ نہ کرنے کا عہد شرعاً لازم و ضروری ہے اس لئے  توبہ کے تقاضے پورے کرتے ہوئے  توبہ کیجئے خدانخواستہ توبہ کے بعد دوبارہ گناہ ہوجائے، تو بھی توبہ میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں ہاں البتہ ہر بار توبہ بہرحال اپنے تقاضوں کے ساتھ ہی کریں کہ آئندہ نہ کرنے کا پختہ ارادہ ہو اگر توبہ کرتے وقت نیت یہی ہے کہ یہ گناہ کرنا ہے تو یہ سچی توبہ ہی نہ ہوئی نیز سچی توبہ کے بعد اس گناہ میں پڑنے والے اسباب پر غور کیجئے اور  ان اسباب کو اپنے سے دور کیجئے مثلاً اگر تنہائی اس گناہ کی طرف لے جاتی ہے تو تنہائی سے بچئے ، اگر کسی کی صحبت اس طرف مائل کرتی ہے،تو اس کی صحبت سے اجتناب کیجئے،  انٹر نیٹ کا استعمال اس گناہ کی طرف لے جاتا ہے، تو اپنے آپ کو انٹرنیٹ سے بچائیے ، ضروری استعمال کرنا ہو، تو لوگوں کی موجودگی میں استعمال کیجئے تاکہ گناہ کی طرف نہ جاسکیں ۔نیز بے حیائی کے مناظر دیکھنے سے متعلق  وعیدیں  اور عذابات  پڑھیں یا سنیں ۔ 

   معجم الکبیر میں حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ”لتغضن ابصارکم و لتحفظن فروجکم ولتقیمن وجوھکم او لتکسفن وجوھکم“یعنی تم یا تو اپنی نگاہیں   نیچی رکھو گے اور اپنی شرمگاہوں   کی حفاظت کرو گے اور اپنے چہرے سیدھے رکھوگےیاپھر اللہ عزوجل تمہاری شکلیں   بگاڑ دے گا ۔ ‘‘(العیاذ باللہ)(معجم الکبیر للطبرانی، جلد 8، صفحہ246، الحدیث: 7840،مطبوعہ:قاھرہ)

   حجۃ الاسلام امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ ایک حدیث پاک نقل فرماتے ہیں : ’’جس نے اپنی آنکھ حرام سے بھری ، اللہ تعالیٰ روز ِقِیامت اس کی آنکھ کو آگ سےبھر دے گا۔‘‘(مکاشفۃ القلوب، صفحہ33، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم