Gunah Se Bachne Ka Tariqa

 

گناہ سے بچنے کا طریقہ

مجیب:مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3370

تاریخ اجراء: 11جمادی الاخریٰ 1446ھ/14دسمبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ہم اپنے آپ کو گناہوں سے کیسے بچا سکتے ہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   سب سے پہلے توجس چیزکی وجہ سے گناہوں میں مبتلاہوتے ہیں ،اسے چھوڑناہوگامثلابری صحبت  ہے تواسے چھوڑناہوگااورنیکوں کی صحبت اپناناہوگی،اس کے لیے دعوت اسلامی کامدنی ماحول،ہفتہ واراجتماع ،مدنی قافلے میں سفروغیرہ دینی معمولات اپنانابہت ہی زیادہ مفیدوکارگرثابت ہوگا(ان شاء اللہ عزوجل)۔فلمیں ،ڈرامے اور بدنگاہیوں وغیرہ کاسلسلہ ہے توان کوچھوڑناہوگا۔پھرہروقت اس بات کوپیش نظررکھاجائے کہ اللہ تعالی مجھے دیکھ رہاہے ،اورگناہ پراس کی پکڑبہت سخت ہے ،اس کے عذاب کی جسم ناتواں میں تاب نہیں ہے ،اس کی نعمتوں میں دن رات گھرے ہوئے ہونے کے باوجودگناہ کرنا،کتنی زیادہ ناشکری ہے ،یوں اس سے حیاء اوراس کاخوف جتنازیادہ ہوگا،اتناہی گناہوں سے محفوظ  رہنےکاسلسلہ رہے گا۔مزیداس کے لیے قرآن واحادیث کامطالعہ علماء ومبلغین کے گناہوں کی ہولناکیوں وغیرہ سے متعلق بیانات کاسننااور پڑھنابھی ان شاء اللہ عزوجل بہت فائدہ مندرہے گا۔ نیز ساتھ میں موت اورقبروآخرت کے متعلق زیادہ سے زیادہ سوچنابھی گناہوں سے بچانے میں کارآمدثابت ہوگا۔یہ سوچیں کہ ایک دن مرنا ہے  اور قبر میں جانا ہے اور وہاں نکیرین کے سوالات کاسامناہوگا،اگرنافرمانیوں کاسلسلہ رہاتوقبر میں عذاب بھی ہوسکتاہے۔

                                                                                               نیز یہ مد نظر رکھیں کہ ایک ایسا دن  بھی آئے گا جس دن اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہوکرساری زندگی کے اعمال کا حساب کتاب دینا ہو گا جسے "قیامت کا دن " کہا جاتاہے تو یہ سوچیں کہ  قیامت کے اس ہولناک دن میں پوری زندگی کا سارا حساب کتاب کیسے دے سکیں گے ؟! وہ دن اتنا ہولناک ہو گا کہ زمین سورج کی تپش سے گرم ہو کر انگاروں کی طرح دہک رہی ہو گی اور زبان سوکھ کر کانٹا بن چکی ہو گی  ۔ اور دوزخ کے عذابات  کو ذہن میں رکھیں ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم