Fahash Video Share Karna Kaisa?‎

فحش ویڈیو شیئر کرنا کیسا ؟

مجیب:مفتی ھاشم صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:lar:6209-a

تاریخ اجراء:28ربیع الاول1438ھ/28دسمبر2016ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس بارے میں کہ آج کل نیٹ کادورہے۔ لوگ سوشل میڈیاکےمختلف ذرائع مثلاً فیس بک،واٹس اپ وغیرہ   پر فحش   ویڈیوز شیئرکرتے ہیں،ان کے لیے کیاحکم ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     فحش وعریانی پر مشتمل ویڈیوز(videos)شیئرکرنا ناجائزوحرام اوراشاعتِ فاحشہ ہے اورایسے کرنے والےافراد گناہ کی طرف داعی اور سخت گنہگار ہیں، ان کی شیئرکردہ ویڈیوز جتنے افراد دیکھیں گے ، ان سب کے گناہوں کے برابرشیئرکرنے والے کوگناہ ملے گا۔

     صحیح مسلم،جامع ترمذی،سنن ابن ماجہ،سنن دارمی،مسنداحمد،مسندابی یعلی،صحیح ابن حبان اورالمعجم الأوسط میں ہے:(واللفظ للاول ) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم نور مجسم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشادفرمایا:ومن دعا الى ضلالة كان عليه من الاثم مثل آثام من تبعه لا ينقص ذلك من آثامهم شيئاترجمہ:جو کسی کو امرِضلالت کی طرف بلائے ؛جتنے اس کے بلانے پرچلیں ، ان سب کے برابر اس پرگناہ ہو گا اور اس سے ان کے گناہوں میں کچھ کمی نہ ہوگی ۔(الصحیح لمسلم،  کتاب العلم    ،جلد4،صفحہ2060، دار احياء التراث العربی ، بيروت)

     امام اہل سنت اعلی حضرت الشاہ امام احمدرضاخان علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں:” میں نے یہ بھی واضح کردیاہے کہ ایسی محافل میں جتنے لوگ کثرت سے جمع کئے جائیں گے ، اسی قدر گناہ و وبال صاحبِ محفل و داعی پر بڑھے گا۔ حضار سب گنہگار اور اُن سب کاگناہ گانے بجانے والوں پر اور اُن کا ، اِن کا سب کا بلانے والوں پر۔ بغیر اس کے کہ اُن میں کسی کے اپنے گناہ میں کچھ کمی ہومثلاً دس ہزار حضار کامجمع ہے ، تو ان میں ہرایک پرایک ایک گناہ اور فرض کیجئے تین اقوال تو اُن میں ہرایک پراپنا گناہ اور دس دس ہزارگناہ حاضرین کے، یہ مجموعہ چالیس ہزارچار اور ایک اپنا، کل چالیس ہزارپانچ گناہ داعی وبانی پر۔رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں: من دعا الیٰ ضلالۃ کان علیہ من الاثم مثل آثام من تبعہ لاینقص ذٰلک من اٰثامھم شیئا رواہ الائمۃ احمدوالستۃ الاالبخاری عن ابی ھریرۃ رضی ﷲ تعالٰی عنہ۔ایسے محرمات کومعاذاﷲموجب قربت جاننا جہل وضلال اور ان پراصرار کبیرہ شدیدالوبال اور دوسروں کو ترغیب اشاعت فاحشہ واضلال، والعیاذ باﷲمن سوء الحال ۔ (فتاوی رضویہ،جلد24،صفحہ150،رضافاؤنڈیشن،لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم