Naqsh Nalain Pak Ki kiya Fazilat Hai ?

نقش نعلین پاک کی کیا فضیلت ہے؟

مجیب: مفتی ھاشم صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Lar:6344

تاریخ اجراء:29جمادی الاول 1438ھ/27فروری2017ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیافرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ

     (1)حضورﷺکے نعلین پاک کا نقش لگانے کی کیا  فضیلت و فائدہ ہے؟

     (2) نقش نعلین پاک کو زمین پر رکھنا کیسا ؟

     (3)اگر کوئی شخص کہے کہ یہ نقش نعلین  مبارک جو لوگوں میں مشہور ہے  اصل نہیں ہے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا نعلین مبارک اور قسم کا تھا اس لئے وہ نعلین مبارک نہ لگانے دے تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے ؟

سائل:محمد ثعبان(کینٹ لاہور)

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     (1)ہمارے آقا و مولامحمد مصطفیﷺ کے  نعلین مبارک کا نقش بنا کر اپنے پاس رکھنا یا لگانا باعث برکت ہے  جس کے فوائد بے شمار ہیں اوراس کی فضیلت و برکت پر ائمہ کرام نے باقاعدہ کتب تصنیف فرمائیں اوران میں نعلین پاک  کے  نقشے تحریر فرمائےاور نقش مبارک کو بوسہ دینے آنکھوں سے لگانے سر پر رکھنے کا حکم فرماتے رہے اور دفع امراض وحصول اغراض میں اس سے توسل فرمایا کئے، اور بفضل الٰہی عظیم وجلیل برکات وآثار اس سے پایا کئے علماء فرماتے ہیں جس کے پاس  نعلین مبارک کا نقش ہو گا وہ ظالموں کے ظلم ، حاسدوں کی  نظراور شیطان کے شر سے محفوظ رہے گااورجو ہمیشہ پاس رکھے گالوگوں میں معزز ہوگا اسے  زیارت روضہ مقدس نصیب ہو گی یا خواب میں زیارت حضور اقدسﷺسے مشرف ہوگا،جس قافلہ میں نقش نعل پاک ہو نہ لٹے، جس کشتی میں ہو نہ ڈوبے، جس مال میں ہو چُوری  نہ ہو، جس حاجت میں اس سے توسل کیا جائے پوری ہو جس مراد کی نیت سے پاس رکھیں پوری  ہو اس باب میں حکایت صلحاء وروایات علماء بکثرت ہیں۔

     (2)اس سوال کا جواب بھی گزشتہ جواب سے واضح ہو چکا کہ  نقشِ نعلینِ مبارک  کی تعظیم کا حکم ہے اور ہر اس چیز کی تعظیم کا حکم ہے جسکو نبی کریم ﷺسے کچھ علاقہ ہو یا جو حضور ﷺکے نام پاک سے مشہور ہواور نقش نعل پاک کی تعظیم بھی حضورﷺ کی تعظیم  کی  وجہ سے ہی ہےاورنقش مبارک کو  زمین پر رکھنا خلاف تعظیم و بے ادبی  ہے کہ ہمارے عرف  میں اسے بے ادبی سمجھا جاتا ہے اور امور ادب میں اعتبار عرف کا ہی ہے کوئی عاشق رسول تو کبھی گوارہ نہیں کرےگاکہ نقش نعل پاک جس کی جگہ سر اور سینہ ہے زمین پر رکھا جائے ۔

     (3)نبی کریم ﷺ کی نعلین مبارک کا جو نقش مسلمانوں میں معروف و مشہور ہے  یہ نقش اصل نعلین مبار ک کے مطابق ہی ہے تبع تابعین کے زمانے سے ہر دو رکے علما اس کے نقشے لیتے رہے اپنی کتابوں میں چھاپتے رہے اور اس کی برکات بیان کرتے رہےہیں جس سے امت میں نقش نعلین پاک کی شہرت ہو گئی  اورکسی شے  کا نبی کریم ﷺ کے نام سے عوام و خواص  میں مشہور ہو جانا ہی اس کی تعظیم و ادب کے لئے کافی ہے اس  کے لئے علم یقینی یا سند محد ثانہ کی اصلا حاجت نہیں ہوتی  لہٰذا اس شخص کا یہ دعوی کہ یہ  نقش اصل نہیں  باطل ہے کہ دعوی بلا دلیل ہے اور اس  کا  اپنے باطل خیال  کو پیش کر کے لوگوں کو نقش نعلین پاک  کی تعظیم و ادب سے روکنا اس کی   بد نصیبی و سخت محرومی ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

 

ٹیگز : nalain pak fazilat