Nabi Kareem Ke Kitne Chachaon Ne Islam Qabool Kiya ?

نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے کتنے چچاؤں نے اسلام  قبول کیا ؟

مجیب: مولانا عبدالرب شاکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2276

تاریخ اجراء: 04جمادی الثانی1445 ھ/18دسمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ابو طالب کیا مسلمان تھے ؟اور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے چچاؤں میں سے کس  کس نے ایمان قبول کیا تھا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم کے چچا ابو طالب کا ایمان لانا ثابت نہیں،بلکہ صحیح احادیث سے انکار ثابت ہے، صحیح حدیث پا ک میں صراحت ہے کہ  نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدد کرنے پر ان کو جہنم کا کم عذاب دیا جائے گا۔

   حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے چچاؤں کی تعداد میں مؤرخین کا اختلاف ہے۔ بعض کے نزدیک ان کی تعداد نو، بعض نے کہا کہ دس اور بعض کا قول ہے کہ گیارہ، مگر "صاحبِ مواہبِ لدنیہ" نے "ذخائر العقبيٰ في مناقب ذوي القربيٰ"سے نقل کرتے ہوئے تحریر فرمایا کہ :

   آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم کے والد ماجد حضرت عبداﷲ رضی اللہ عنہ کے علاوہ عبدالمطلب کے بارہ بیٹے تھے جن کے نام یہ ہیں :

   1- حارث۔2- ابوطالب۔3- زبیر۔4- حمزہ۔5- عباس۔6- ابولہب۔7- غیداق۔8- مقوم۔9- ضرار۔10 - قثم۔11- عبدالکعبہ۔ 12- جحل۔

   ان میں سے صرف حضرت حمزہ  اور  حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے اسلام قبول کیا۔

   ذخائر العقبی فی مناقب ذوی القربی میں ہے” كان له اثنا عشر عما بنو عبد المطلب أبوه صلى الله عليه وسلم ثالث عشرهم: الحارث وأبو طالب واسمه عبد مناف والزبير ويكنى أبا الحارث وحمزة وأبو لهب واسمه عبد العزى والغيداق  والمقوم وضرار والعباس وقثم وعبد الكعبة وحجل ويسمى المغيرة۔۔۔ ولم يسلم غير حمزة والعباس“ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے چچا  جوکہ حضرت عبد المطلب کے بیٹے ہیں،وہ بارہ تھے،اور حضور علیہ الصلاۃ والسلام کے والد ،حضرت عبد المطلب کے تیروہیں بیٹے تھے،(حضور علیہ الصلاۃ والسلام کے بارہ چچا یہ ہیں)۔۔:(1)حارث(2)ابو طالب،ان کا نام عبد مناف ہے(3)زبیر ، اس کی کنیت ابا الحارث ہے(4)حمزہ(5)ابو لہب،اس کا نام عبد العزی ہے(6)غیداق(7)مقوم (8)ضرار (9) عباس(10)قثم(11)عبد الکعبہ(12)حجل،اسے مغیرہ بھی کہتے ہیں۔ان میں سے حضرت حمزہ و عباس رضی اللہ تعالی عنھما کے علاوہ کوئی بھی اسلام نہیں لایا۔(ذخائر العقبی فی مناقب ذوی القربی،ص 171،172، دار الكتب المصرية)

   شیخ الحدیث علامہ عبد المصطفی اعظمی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں:”    حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے چچاؤں کی تعداد میں مؤرخین کااختلاف ہے۔ بعض کے نزدیک ان کی تعداد نو، بعض نے کہاکہ دس اور بعض کا قول ہے کہ گیارہ مگر صاحب مواہب لدنیہ نے ''ذخائر العقبیٰ فی مناقب ذوی القربیٰ'' سے نقل کرتے ہوئے تحریر فرمایا کہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے والد ماجد حضرت عبداﷲ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے علاوہ عبدالمطلب کے بارہ بیٹے تھے جن کے نام یہ ہیں:(۱)حارث(۲)ابوطالب(۳)زبیر(۴) حمزہ(۵)عباس(۶)ابولہب  (۷) غیداق(۸) مقوم(۹) ضرار(۱۰) قثم(۱۱) عبدالکعبہ(۱۲) جحل۔ان میں سے صرف حضرت حمزہ وحضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے اسلام قبول کیا۔ (سیرت مصطفی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم،ص 699،700،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم