Kya Hazrat Abu Bakr Siddique Ki Aulad Bhi Syed Hai ?

 

کیا حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کی اولاد سید ہے ؟

مجیب:مولانا محمد ماجد علی مدنی

فتوی نمبر: WAT-2975

تاریخ اجراء: 13صفر المظفر1446 ھ/19اگست2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   جو حضرت ا بو بکر صدیق رضی اللہ تعالی  عنہ کی اولاد میں سے  ہیں ،کیا وہ بھی سید ہوتے ہیں  ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   ہمارے عرف میں سیدایک مخصوص اصطلاح ہے ،جس کامطلب ہے وہ شخصیت جن کاسلسلہ نسب امام حسن یاامام حسین رضی اللہ تعالی عنہما تک پہنچتاہے ،یعنی  ہمارے عرف میں  صرف امام حسن اورامام حسین رضی اللہ تعالی عنہماکی اولادسیدکہلاتی ہے ،لہذااس لحاظ سے حضرت ا بو  بکر صدیق رضی اللہ تعالی  عنہ کی اولاد  سے جو افراد ہوں، وہ سید نہیں  ہیں کہ ان کاسلسلہ نسب امام حسن  اورامام حسین رضی اللہ تعالی عنہما میں سے کسی  تک نہیں پہنچتا۔

   امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں:” اﷲ تعالی نے یہ فضیلت خاص امام حسن وامام حسین اور ان کے حقیقی بھائی بہنوں کو عطا فرمائی رضی اﷲ تعالی عنہم اجمعین کہ وہ رسول اﷲ صلی اﷲ تعالی علیہ وسلم کے بیٹے ٹھہرے پھر ان کی جو خاص اولاد ہے ان میں بھی وہی قاعدہ عام جاری ہوا کہ اپنے باپ کی طرف منسوب ہوں اس لئے سبطین کریمین کی اولاد سید ہیں نہ کہ بناتِ فاطمہ رضی اﷲ تعالی عنہا کی اولاد کہ وہ اپنے والدوں ہی کی طرف نسبت کی جائیں گی۔ “(فتاوی رضویہ،ج 13،ص  361،رضا فاؤنڈیشن،لاھور)

   مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ  تعالی علیہ لکھتے ہیں:”خیال رہے کہ امام حسن و حسین(رضی اللہ عنہما) کی اولاد سید کہلاتی ہے ۔“(ترجمہ اکمال مع مرآۃ المناجیح،ج 8،ص 102،نعیمی کتب خانہ،گجرات)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم