Hazrat Muhammad صلی اللہ علیہ والہ وسلم ki Azwaj e Mutahrat ke Naam

نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی ازواج مطہرات کی تفصیل

مجیب: ابوالفیضان عرفان احمد مدنی

فتوی نمبر: WAT-1390

تاریخ اجراء:       19رجب المرجب1444 ھ/11فروری2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   پیغمبر اعظم (نبی پاک)صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زوجہ محترمہ کا نام کیا تھا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ازواجِ مطہرات ایک سے زائد تھیں ، اس کی تفصیل کے متعلق  شیخ الحدیث علامہ عبد المصطفی ٰ اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :"ازواجِ مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہن کی تعداد اور ان کے نکاحوں کی ترتیب کے بارے میں مؤرخین کا قدرے اختلاف ہے مگر گیارہ اُمہات المؤمنین رضی اللہ تعالیٰ عنہن کے بارے میں کسی کا بھی اختلاف نہیں ان میں سے حضرت خدیجہ اور حضرت زینب بنت خزیمہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہما کا تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سامنے ہی انتقال ہوگیا تھا مگر نو بیویاں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی وفاتِ اقدس کے وقت موجود تھیں۔ان گیارہ اُمت کی ماؤں میں سے چھ خاندان قریش کے اونچے گھرانوں کی چشم و چراغ تھیں جن کے اسماء مبارکہ یہ ہیں:(۱) خدیجہ بنت خویلد(۲) عائشہ بنت ابوبکرصدیق(۳) حفصہ بنت عمرفاروق (۴)اُمِ حبیبہ بنت ابو سفیان(۵)اُمِ سلمہ بنت ابو امیہ(۶) سودہ بنت زمعہ رضی اللہ عنہن۔اورچارازواجِ مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہن خاندان قریش سے نہیں تھیں،بلکہ عرب کے دوسرے قبائل سے تعلق رکھتی تھیں وہ یہ ہیں:(۱)زینب بنت جحش(۲) میمونہ بنت حارث(۳) زینب بنت خزیمہ''ام المساکین'' (۴) جویریہ بنت حارث اورایک بیوی یعنی صفیہ بنت حیی یہ عربی النسل نہیں تھیں بلکہ خاندان بنی اسرائیل کی ایک شریف النسب رئیس زادی تھیں۔"(سیرتِ مصطفیٰ، صفحہ 651، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ ، کراچی )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم