Huzoor Ka Pehla Nikah Kis Ne Parhaya

حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا پہلا نکاح کس نے پڑھایا ؟

مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1262

تاریخ اجراء: 23جمادی الاول1445 ھ/08دسمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   حضورصلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا پہلا نکاح کس نے پڑھایا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے اعلان نبوت سے قبل ہی آپ کا پہلا نکاح حضرت خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا سے ہوا تھا، اس  نکاح مبارک کے متعلق تفصیل  کتاب ”سیرت رسول عربی“ کی روشنی میں درج ذیل ہے:

   حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیوہ تھیں، ان کی دوشادیاں پہلے ہو چکی تھیں،  ان کی پاکدامنی کے سبب لوگ (زمانۂ)جاہلیت میں ان کو طاہرہ کہاکر تے تھے۔ان کا سلسلہ نسب پانچویں پشت میں آنحضرت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے خاندان سے ملتا ہے۔حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے امور مذکورہ بالا کومد نظر رکھ کر واپس آنے کے قریباً تین مہینے بعد یعلی بن مُنْیَہ کی بہن نفیسہ کی وَساطَت سے آپ کو نکاح کا پیغام بھیجا۔ آپ نے اس درخواست کی خبر اپنے چچاؤں کو دی،  انہوں نے قبول کیا۔پس تاریخ مُعیَّن پر ابو طالب اور امیر حمزہ اور دیگررؤسائے خاندان حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے مکان پر گئے اور ان کے چچا عمروبن اسد نے اور بقول بعض ان کے بھائی عمروبن خُوَیْلِد نے ان کا نکاح کر دیا۔شادی کے وقت اُن کی عمر چالیس سال کی تھی۔ابو طالب نے نکاح کا خطبہ پڑ ھا اور پا نسو۵۰۰در ہم مہر قرار پایا۔ یہ آنحضرت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی پہلی شادی تھی۔ (سیرت رسول عربی، صفحہ67،68، مکتبۃ المدینہ کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم