Hazrat Yahya Walida Ke Pait Mein Hazrat Isa Ki Tazeem Karte The ?

حضرت یحییٰ والدہ کے پیٹ میں حضرت عیسیٰ علیھما السلام کی تعظیم کیا کرتے تھے؟

مجیب:ابوالفیضان مولانا عرفان احمد عطاری

فتوی نمبر: WAT-2737

تاریخ اجراء: 01ذیقعدۃالحرام1445 ھ/10مئی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میں نے ایک عالم صاحب سے سناتھاکہ حضرت یحییٰ علیہ السلام اپنی والدہ کے پیٹ میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعظیم کیا کرتے تھے ، کیا یہ درست ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی ہاں ! حضرتِ یحیی علیہ السلام کے متعلق یہ روایت مختلف کتب میں  موجود ہے ، چنانچہ شرح الشفاء لملا علی قاری ،شرح الزرقانی علی المواہب،تاریخ الخمیس،تفسیر ابن کثیر ،تفسیر خازن،ارشاد الساری اور فتح الباری لابن حجر میں ہے”(واللفظ للاخیر ) مالك بن أنس يقول بلغني أن عيسى بن مريم ويحيى بن زكريا كان حملهما جميعا فبلغني أن أم يحيى قالت لمريم إني أرى ما في بطني يسجد لما في بطنك“ترجمہ:مالک بن انس فرماتے ہیں کہ مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ عیسی بن مریم اور یحیی بن زکریا علیھما السلام دونوں ایک ہی وقت حمل میں تھے ،تو حضرت یحیی علیہ السلام کی والدہ نے ،حضرت مریم رضی اللہ تعالی عنھا سے فرمایا: مجھے یوں لگتا ہے کہ میرے پیٹ کا بچہ تمہارے پیٹ کے بچے کوسجدہ کرتاہے۔(فتح الباری شرح صحیح البخاری،ج 6،ص 468،دار المعرفۃ،بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم