Dosri Martaba Hone Wale Shaq e Sadr Ki Tafseel

دوسری مرتبہ ہونے والے شق صدرکی تفصیل

مجیب:ابو احمد محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-1163

تاریخ اجراء:17ربیع الاول1444ھ/14اکتوبر2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا شق صدر  دوسری مرتبہ جو ہوا   وہ کب اور کیسے ہوا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   دوسری   مرتبہ  کے  شق صدر کے متعلق حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم   کا فرما ن ہے :میں دس سال کی عمر میں صحرا میں جارہا تھا کہ اچانک میں نے اپنے سر کے اوپر دو آدمیوں(یعنی جبرائیل و میکائیل  علیہما السّلام )کو دیکھا ، ایک نے دوسرے سے پوچھا : کیا یہی ہیں؟ دوسرے نے جواب دیا : ہاں۔ ان دونوں نے مجھے پکڑ کر لٹایا اور میرے پیٹ کو چاک کردیا ، جبرائیل سونے کے ایک طشت میں پانی لارہے تھے جبکہ میکائیل میرا پیٹ دھو رہے تھے۔ پھر ان میں سے ایک نے دوسرے سے کہا : ان کا سینہ چاک کرو۔ میں نے دیکھا کہ میرا سینہ چاک ہوچکا ہے لیکن مجھے درد محسوس نہیں ہوا۔ اب اس فرشتے نے کہا : ان کا دل چِیرو اور اس میں سے کینہ اور حسد نکال دو۔ میرا دل چِیرا گیا اور اس میں سے خون کے لَوتھڑے جیسی چیز نکال کر پھینک دی گئی۔ پھر اس فرشتے نے کہا : ان کے دل میں شفقت اور رَحمت داخل کردو۔ دوسرے فرشتے نے میرے سینے میں چاندی جیسی کوئی چیز داخل کی اور اپنے پاس سے کوئی پِسی ہوئی چیز نکال کر اس پر چھڑک دی ، پھر میرے پاؤں کا انگوٹھا ہلا کر کہا : آپ تشریف لے جائیے۔ جب میں وہاں سے واپس آیا تو میرے دل میں چھوٹوں پر شفقت اور بڑوں کی عزت سما چکی تھی۔(دلائل النبوۃ لابی نعیم ، صفحہ 219 ،حدیث: 166،دارالنفائس،بیروت)

  

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم