Yazdan Naam Rakhne Ka Hukum

یزدان نام رکھنا کیسا؟

مجیب: مولانا محمد نوید چشتی عطاری

فتوی نمبر:WAT-2434

تاریخ اجراء: 04رجب ا لمرجب1445 ھ/16جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   یزدان نام رکھنا کیسا ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مجوس (آتش پرست /آگ کی  پوجا کرنے والوں)کے عقیدے کے مطابق   نیکی اور خیر کا الگ خالق ہے، جسے وہ ”یزدان“ کہتے ہیں  اور برائی کا الگ خالق ہے، جسے وہ ”اہرمن“ کہتے ہیں  ۔(الفرق بین الفرق،ص278 ، مطبوعہ بیروت)

   فیروز اللغات میں یزدان کے  یہ معانی درج ہیں : ”نیکی اور خیر کا خالق،  پارسیوں کا خدا۔“(فیروز اللغات، ص1533، فیروز سنز لمیٹڈ)

   لہٰذا یہ نام رکھنا جائز نہیں ہے۔ بہتر یہ ہے کہ بچے کا اصل نام محمد رکھا جائے تاکہ اسمِ محمد کی برکتیں حاصل ہوں کہ احادیث مبارکہ میں  نامِ محمد کی برکات وارد ہوئی ہیں، اور پکارنے کے لیے انبیاء  کرام و اولیاء عظام کے ناموں میں سے کسی کے نام  پر رکھا جائے،جیسے محمد ابراہیم، محمد عیسی وغیرہ، لہٰذاانبیاء کرام علیہم السلام،صحابہ کرام علیہم الرضوان یااولیاء عظام علیہم الرحمۃ کے اسماء میں سےکسی نام کا انتخاب کر کےوہ نام رکھ لیں اور بہتریہ  ہے کہ بچی کا نام نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات،بیٹیوں، نانیوں، دادیوں، صحابیات  رضی اللہ عنہن اور نیک خواتین کے نام پر رکھا جائےکہ اس کی وجہ سے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی شامل حال ہو گی۔

   کنز العمال میں بحوالہ رافعی عن ابی امامۃ روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”من ولد له مولود ذكر فسماه محمدا حبا لي وتبركا باسمي كان هو ومولوده في الجنة“ترجمہ:جس کے ہاں بیٹا  پیدا ہو اور وہ میری محبت اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کے لئے اس کا نام محمد رکھے تو وہ اور اس کا بیٹا دونوں جنت میں جائیں گے۔(کنز العمال،ج 16،ص 422، مؤسسة الرسالة،بیروت)

   رد المحتار میں  اس  حدیث کے تحت ہے:”قال السيوطي: هذا أمثل حديث ورد في هذا الباب وإسناده حسن“ترجمہ:جتنی بھی احادیث اس باب میں وارد ہوئیں،یہ حدیث ان سب میں بہتر ہے اور اس کی سند حسن ہے۔ (رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الحظر والاباحۃ،ج 6،ص 417،دار الفکر،بیروت)

    اور ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لئےمکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ’’نام رکھنے کے احکام‘‘کا مطالعہ کیجئے اوردرج ذیل لنک سےیہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam#

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم