Sumaira Naam Rakhna Kaisa?

سمیراءنام رکھنا

مجیب:ابو حفص مولانا محمد عرفان عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3248

تاریخ اجراء:04جمادی الاولیٰ1446ھ/07نومبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا سمیرا نام اسلامی نام ہےاور اسلامی نام ہونے کے لحاظ سے اس کے کیا معنی ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   "سُمَیْرَاء"ایک صحابیہ رضی اللہ تعالی عنہا کانام ہے اور حدیث پاک میں اچھوں کے نام پرنام رکھنا کا فرمایا گیا ہے لہذا یہ نام رکھنانہ صرف جائزبلکہ حدیث پاک پرعمل کی نیت سے رکھناباعث ثواب ہے اورامیدہے کہ اللہ تعالی کی نیک بندی کی برکت بچی کے شامل حال ہوگی۔

   نیزجب یہ ایک صحابیہ رضی اللہ تعالی عنہاکانام ہے تواتناہی کافی ہے،لغت کے معنی کی طرف جانے کی ضرورت نہیں ۔

   الاصابۃ فی تمییزالصحابۃ میں ہے"سميراء، بالتصغير، بنت قيس الأنصارية مدنية، روى عنها أبو أمامة بن سهل"ترجمہ: سمیراء تصغیرکے ساتھ ہے اوریہ بنت قیس انصاریہ مدنیہ ہیں،ان سے ابوامامہ بن سھل نے روایت کی ہے۔(الاصابۃ فی تمییزالصحابۃ، ج08، ص189، دارالکتب العلمیۃ،بیروت)

   حضرت سیِّدُنا ابودَرداء رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ سے مَروی ہے کہ نبی پاک صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: انکم تدعون یوم القیامۃ باسماءکم واسماء اباءکم فاحسنوا اسماء کم یعنی  قیامت کے دن تم اپنے اور اپنے آباء کے ناموں سے پکارے جاؤ گے، لہٰذا اپنے اچھے نام رکھا کرو۔(سنن ابو داوٗد، کتاب الادب، باب في تغییر الاسماء، ج4، ص374، الحدیث:4948، دار احیاء التراث، بیروت)

   صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔“(بہار شریعت، جلد3،حصہ15، صفحہ356، مکتبۃالمدینہ، کراچی)

   نوٹ:ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات  اور بچوں اور بچیوں کے اسلامی نام  حاصل کرنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی جاری  کردہ  کتاب’’نام رکھنے کے احکام‘‘ کا مطالعہ کر لیجیے۔  نیچے دئیے گئے لنک سے آپ اس کتاب کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم