Mustajab Naam Rakhna Kaisa Hai ?

مستجاب نام رکھنا کیسا ہے؟

مجیب: مولانا عبدالرب شاکر عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2064

تاریخ اجراء: 25ربیع الاول1445 ھ/12اکتوبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   مستجاب نام رکھنا کیسا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مستجاب نام رکھنا جائز ہے۔فیروز اللغات میں  اس کے معنی بیان کرتے ہوئے ذکرکیاہے:”مستجاب:جواب دیا گیا (مجازاً)،قبول کیا گیا ،مانا گیا۔"(فیروز اللغات،ص 1242،فیروز سنز،لاہور)

   البتہ!بچوں کے نام رکھنے میں بہتر یہ ہے کہ لڑکے کا نام اولاصرف" محمد "رکھا جائے تاکہ نام محمدرکھنے کی جوفضیلت ہے وہ حاصل ہواورپھرپکارنے کے لیے  انبیاء ،صحابہ ، اولیاءوغیرہ نیک لوگوں کے نام پر نام رکھا جائے ،تاکہ ان کی برکت حاصل ہو۔اورحدیث پاک میں اچھوں کے نام پرنام رکھنے کی جوترغیب ارشادفرمائی گئی ،اس پرعمل بھی ہو۔

   محمدنام رکھنے کی فضیلت:

   کنز العمال میں روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ” من ولد له مولود ذكر فسماه محمدا حبا لي وتبركا باسمي كان هو ومولوده في الجنة“ترجمہ:جس کے ہاں بیٹا  پیدا ہو اور وہ میری محبت اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کے لئے اس کا نام محمد رکھے تو وہ اور اس کا بیٹا دونوں جنت میں جائیں گے۔(کنز العمال،ج 16،ص 422، مؤسسة الرسالة،بیروت)

   رد المحتار میں مذکورہ حدیث کے تحت ہے” قال السيوطي: هذا أمثل حديث ورد في هذا الباب وإسناده حسن “ترجمہ: علامہ جلال الدین سیوطی علیہ الرحمۃ نے فرمایا:جتنی بھی احادیث اس باب میں وارد ہوئیں،یہ حدیث ان سب میں بہتر ہے اور اس کی سند حسن ہے۔(رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الحظر ولاباحۃ،ج 6،ص 417،دار الفکر، بیروت)

   الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:  تسموا بخياركم “ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو ۔(الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   بہارشریعت میں ہے "بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شامل حال ہو۔ "(بہارشریعت، ج03،حصہ15،ص356،مکتبۃ المدینہ)

   نوٹ: ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیےمکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ’’نام رکھنے کے احکام‘‘کا مطالعہ کیجئے اوردرج ذیل لنک سےیہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam#

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم