Murtaza Ka Matlab Aur Muhammad Murtaza Farooqi Naam Rakhna

مرتضی نام کا مطلب اور محمد مرتضیٰ فاروقی نام رکھنا

مجیب:مولانا عبدالرب شاکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2721

تاریخ اجراء:11ذوالقعدۃ الحرام1445 ھ/20مئی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   لڑکے کا نام محمد مرتضیٰ فاروقی رکھنا کیسا ہے اور مرتضی نام کا معنی کیا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   محمد مرتضی فاروقی نام رکھنے میں کوئی حرج نہیں، البتہ بہتریہ ہے کہ اولاًبیٹے کانام صرف "محمد" رکھیں، کیونکہ حدیث پاک میں"محمد"نام رکھنے کی فضیلت اورترغیب ارشادفرمائی گئی ہے اور ظاہریہ ہے کہ یہ فضیلت تنہانام محمد رکھنے کی ہے،پھرپکارنے کے لیےلڑکے کا نام انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلامْ کے اسمائے مبارکہ  اور صحابہ  کرام و تابعین عظام اور  بزرگانِ دین رِضْوَانُ اللہِ تَعَالیٰ عَلَیْھِمْ اَجْمَعِیْن  نیک لوگوں کے ناموں میں سے کوئی نام رکھ لیجیے کہ حدیث پاک میں اچھوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے اور پکارنے  کے لئے سوال میں مذکور نام بھی رکھ سکتے ہیں۔

   مرتضی کا معنی ہے: پسندیدہ ،منتخب کیا ہوا اور یہ حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ کے القابات میں سے بھی ہے۔

   محمدنام رکھنے کی فضیلت:

   کنز العمال میں روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”من ولد له مولود ذكر فسماه محمدا حبا لي وتبركا باسمي كان هو ومولوده في الجنة“ترجمہ:جس کے ہاں بیٹا پیدا ہو اور وہ میری محبت اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کے لئے اس کا نام محمد رکھے تو وہ اور اس کا بیٹا دونوں جنت میں جائیں گے۔(کنز العمال،ج 16،ص 422، مؤسسة الرسالة،بیروت)

   رد المحتار میں مذکورہ حدیث کے تحت ہے” قال السيوطي: هذا أمثل حديث ورد في هذا الباب وإسناده حسن “ترجمہ: علامہ جلال الدین سیوطی علیہ الرحمۃ نے فرمایا:جتنی بھی احادیث اس باب میں وارد ہوئیں،یہ حدیث ان سب میں بہتر ہے اور اس کی سند حسن ہے۔(رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الحظر والاباحۃ،ج 6،ص 417،دار الفکر، بیروت)

   الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:  ”تسموا بخياركم “ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو ۔(الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   سلم الوصول الی طبقات الفحول میں ہے” المرتضى: لقب علي بن أبي طالب  رضي اللہ عنه ترجمہ : مرتضی:حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ تعالی عنہ کا لقب ہے۔(سلم الوصول الی طبقات الفحول،ج 5،ص 293،مكتبة إرسيكا، تركيا)

   القاموس الوحید میں ہے :ارتضاہ :پسند کرنا ،منتخب کرنا۔(القاموس الوحید ،ص 635 ،ادارہ اسلامیات، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم