Muhammad Yahya Hussain Naam Rakhna Kaisa Hai ?

محمد یحییٰ حسین  نام رکھنا کیسا ہے ؟

مجیب: ابو احمد محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1313

تاریخ اجراء:       11جمادی الاولیٰ1444 ھ/06دسمبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میں نے اپنے بچے کا نام محمد یحییٰ حسین رکھا ہے۔ کیا یہ نام اس کے لیے ٹھیک ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

      اپنے بچے کا نام محمد یحییٰ حسین رکھ سکتے ہیں۔ یہ نام اللہ تعالی کے مقرب بندوں کے نام ہیں ۔پہلے دونام انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کے  نام پرہیں اورتیسرانام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے نام پرہے اورحدیث پاک میں اچھوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے ۔ ہاں اسلاف میں دودوتین تین نام رکھنے کارواج نہیں تھاجیسے اس نام میں تین نام اکٹھے ہیں لیکن اس کی ممانعت بھی نہیں ہے ۔

   البتہ! بہتریہ ہے کہ اولابیٹے کانام صرف"محمد"رکھیں کیونکہ حدیث پاک میں نام محمدرکھنے کی فضیلت اورترغیب ارشادفرمائی گئی ہے اورظاہریہ ہے کہ یہ فضیلت تنہانام محمدرکھنے کی ہے ۔اورپھرپکارنے کے لیےمذکورہ بالانام رکھ لیجیے۔

   محمدنام رکھنے کی فضیلت:

   کنز العمال میں روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ” من ولد له مولود ذكر فسماه محمدا حبا لي وتبركا باسمي كان هو ومولوده في الجنة“ترجمہ:جس کے ہاں بیٹا  پیدا ہو اور وہ میری محبت اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کے لئے اس کا نام محمد رکھے تو وہ اور اس کا بیٹا دونوں جنت میں جائیں گے۔(کنز العمال،ج 16،ص 422، مؤسسة الرسالة،بیروت)

   رد المحتار میں مذکورہ حدیث  پاک کے تحت ہے” قال السيوطي: هذا أمثل حديث ورد في هذا الباب وإسناده حسن “ترجمہ: علامہ جلال الدین سیوطی علیہ الرحمۃ نے فرمایا:جتنی بھی احادیث اس باب میں وارد ہوئیں، یہ حدیث ان سب میں بہتر ہے اور اس کی سند حسن ہے۔(رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الحظر ولاباحۃ،ج 6،ص 417،دار الفکر،بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم