Muhammad Mujtaba Naam Rakhna Kaisa Hai ?

محمد مجتبی نام رکھنا کیسا ہے ؟

مجیب: مولانا محمد سجاد عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1870

تاریخ اجراء:15محرم الحرام1445ھ/03اگست2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میرا سوال یہ ہے کہ   محمد مجتبی نام رکھنا کیسا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   محمد مجتبی نام رکھنا جائز بلکہ بہتر ہے،کیونکہ   مجتبی،حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک صفاتی نام ہے۔اور دوسری بات یہ ہے کہ اچھے نام رکھنے کی ترغیب     احادیث میں بھی آئی ہے،لہذا ان احادیث پر عمل کرنے کی نیت سے بھی یہ نام رکھیں،تاکہ احادیث پر عمل کرنے کی برکت بھی حاصل ہو۔

   چنانچہ  اچھے نام رکھنے کی تر غیب کے متعلق سنن ابو داؤد میں حضرت سیدنا ابو درداء رضی اللہ عنہ سے مروی ہے ، کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:” أنکم تدعون یوم القیامۃ بأسمائکم وأسماء آبائکم، فأحسنوا أسمائکم‘‘ ترجمہ: قیامت کے دن تم اپنے ناموں اور اپنے آباء کے ناموں سے پکارے جاؤ گے، اس لئے اپنے نام اچھے رکھا کرو۔(سنن ابو داؤد، کتاب الادب، باب فی تغییر الاسماء، رقم :4948، ص 1250،دار ابن کثیر ،بیروت )

   کنز العمال شریف کی حدیث میں حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سےروایت ہے:’’ حق الولد على والده أن يحسن إسمه ويحسن موضعه ويحسن أدبه“ ترجمہ: اولادکا باپ پر یہ حق ہےکہ باپ ان کا اچھا نام رکھے ،انہیں اچھی جگہ رکھے اور اچھا ادب سکھائے۔(کنزالعمال،کتاب النکاح،ج 16،رقم: 45185، ص173،دار الکتب العلمیہ ،بیروت )

   بہار شریعت میں ہے :’’محمد بہت پیارا نام ہے اس نام کی بڑی تعریف حدیثوں میں آئی ہے اگر تصغیر کا اندیشہ نہ ہو تو یہ نام رکھا جائے اور ایک صورت یہ ہے کہ عقیقہ (کرتے وقت) کا یہ نام ہو اور پکارنے کے لیے کوئی دوسرا نام تجویز کر لیا جائے اور ہندوستان میں ایسا بہت ہوتا ہے کہ ایک شخص کے کئی نام ہوتے ہیں اس صورت میں نام کی برکت بھی ہوگی اور تصغیر سے بھی بچ جائیں گے‘‘۔(بہار شریعت ،حصہ 15،ص 356،مکتبۃ المدینہ ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم