Jawad Naam Rakhna Kaisa Hai ?

" جواد " نام رکھنا کیسا؟

مجیب: مولانا محمد نوید چشتی عطاری

فتوی نمبر:WAT-2544

تاریخ اجراء: 27شعبان المعظم1445 ھ/09مارچ2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ” جواد“  نام کا مطلب بتا دیجئے،کیا یہ نام رکھ سکتے ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جواد کا معنیٰ ہے : ”سخی “لہذا معنی کے اعتبار سے یہ نام رکھنے میں حرج نہیں ،البتہ بہتر یہ ہے کہ بچے کا اصل نام محمد رکھا جائے تاکہ اسمِ محمد کی برکتیں حاصل ہوں کہ احادیث مبارکہ میں  نامِ محمد کی برکات وارد ہوئی ہیں، اور پکارنے کے لیے انبیاء  کرام و اولیاء عظام کے ناموں میں سے کسی کے نام  پر رکھا جائے کہ حدیث پاک میں اچھوں کے نام پر نام رکھنے کی ترغیب دلائی گئی ہے۔

   مصباح اللغات میں ہے”الجواد:سخی۔(مصباح اللغات، ص129،مکتبہ قدوسیہ،لاہور)

   کنز العمال میں بحوالہ رافعی عن ابی امامۃ روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ” من ولد له مولود ذكر فسماه محمدا حبا لي وتبركا باسمي كان هو ومولوده في الجنة“ترجمہ:جس کے ہاں بیٹا  پیدا ہو اور وہ میری محبت اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کے لئے اس کا نام محمد رکھے تو وہ اور اس کا بیٹا دونوں جنت میں جائیں گے۔(کنز العمال،ج 16،ص 422، مؤسسة الرسالة،بیروت)

   رد المحتار میں  اس  حدیث کے تحت ہے:” قال السيوطي: هذا أمثل حديث ورد في هذا الباب وإسناده حسن “ترجمہ:جتنی بھی احادیث اس باب میں وارد ہوئیں،یہ حدیث ان سب میں بہتر ہے اور اس کی سند حسن ہے۔ (رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الحظر والاباحۃ،ج 6،ص 417،دار الفکر،بیروت)

   کنز العمال کی حدیث پاک ہے :”تسموا بخياركم“ترجمہ:اپنے  میں سے بہترین لوگوں کے ناموں پر نام رکھو۔ (كنز العمال،ج16،ص423،حدیث 45229 ،مؤسسۃ الرسالہ،بیروت)

   بہارِ شریعت میں ہے :" بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں جن کے کچھ معنی نہیں یا اُن کے برے معنی ہیں ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے امید ہے کہ اُن کی برکت بچہ کے شامل حال ہو۔ "(بہارِ شریعت ، جلد3، حصہ 15 ، صفحہ 356، مکتبۃ المدینۃ ، کراچی )

   اور ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لئےمکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ’’نام رکھنے کے احکام‘‘کا مطالعہ کیجئے اوردرج ذیل لنک سےیہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam#

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم