Fareeha Naam Rakhna Kaisa Hai ?

فریحہ نام رکھنا کیسا ؟

مجیب: ابوالحسن ذاکر حسین عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1815

تاریخ اجراء:24ذوالحجۃالحرام1444 ھ/13جولائی2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   فریحہ نام رکھناکیسا؟اوراس کامعنی کیاہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   "فریحہ "کے معنی ہیں:" خوش ہونےوالی ،راضی ہونےوالی۔ "وضاحت اس کی یہ ہے کہ :

   "فریحہ"فریح کی تانیث ہے،جس کا معنی ہے:"خوش ہونےوالا ،راضی ہونےوالا"جیسےعلیم کامعنی ہے" جاننے والا"سمیع کامعنی ہے"سننے والا"تواس کی مونث کامعنی بنے گا:"خوش ہونے والی ،راضی ہونے والی ۔"

   لہذامعنی کے اعتبارسےیہ نام رکھنےمیں حرج نہیں۔ البتہ !بہتریہ  ہے کہ بچی کا نام نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات،بیٹیوں، نانیوں، دادیوں، صحابیات  رضی اللہ عنہن اور نیک خواتین کے نام پر رکھا جائےکہ حدیث پاک میں اچھے لوگوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے نیزامیدہے کہ  اچھے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی  بچی کےشامل حال ہو گی۔

   الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:  ”تسموا بخياركم “ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو ۔ (الفردوس بماثور الخطاب ، جلد2، صفحہ58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)

      بہار شریعت میں ہے: ”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شامل حال ہو۔“(بہار شریعت ، جلد3، حصہ15،صفحہ356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   نوٹ: ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیےمکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ’’نام رکھنے کے احکام‘‘کا مطالعہ کیجئے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم