Dur e Adan Hala Aur Umamah Naam Rakhna Kaisa ?

درعدن، ہالہ اورامامہ نام رکھنا کیسا ؟

مجیب: محمد بلال عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-1781

تاریخ اجراء: 08ذوالحجۃالحرام1444 ھ/27جون2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   سوال   :  کیا  درج ذیل نام کے معانی  بتا سکتے ہیں ؟

   1:  dur e adan

    2: hala

   3:  umamah

    ان  ناموں میں  سے کو نسا نام بچی کے لیے  زیادہ بہتر ہو گا اور وہ کیسے لکھا جائے گا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اردو میں ان کو  اس طرح لکھا جائے گا:  درعدن، ہالہ، امامہ۔

   ان کے معانی  درج ذیل ہیں:

   (1)درعدن:جنت کاموتی۔در:موتی۔(فیروز اللغات،ص656،لاہور)

   عدن :باغ بہشت جس میں آدم علیہ السلام کو رکھا گیا  تھا۔(فیروز اللغات،ص953،لاہور)

   (2)ہالہ:چاندکےچاروں اطراف کاروشن دائرہ۔سیدالشہداء حضرت امیرحمزہ رضی اللہ تعالی عنہ کی والدہ ماجدہ کانام ہے ۔(نام رکھنے کے احکام،ص155،مکتبۃ المدینہ)

   (3)امامہ:ارادہ کرنے والی۔یہ حضورعلیہ الصلوۃ والسلام کی نواسی کانام ہے ۔(نام رکھنے کے احکام،ص148،مکتبۃ المدینہ)

   ان میں سے امامہ   اورہالہ میں سے کوئی نام رکھنازیادہ بہترہے کہ یہ نیک وصالحات بیبیوں کے نام ہیں اورحدیث پاک میں نیکوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے ۔ اوراس سے امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شامل حال ہو۔

      الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:  ”تسموا بخياركم واطلبوا حوائجكم عند حسان الوجوه“ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو اور اپنی حاجتیں اچھے چہرے والوں سے طلب کرو۔(الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   بہار شریعت میں ہے: ”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شامل حال ہو۔“(بہار شریعت ، جلد3، حصہ15،صفحہ356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم