Bariya Naam Ka Matlab Kya Hai?

باریہ نام کا معنی

مجیب:مولانا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3243

تاریخ اجراء:03جمادی الاولیٰ1446ھ/06نومبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   باریہ کا معنی بتا دیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   باریہ کے مختلف معانی  بیان کئے گئےہیں،جن میں سے چند یہ ہیں:"راستہ، بانس سے بنائی ہوئی چٹائی،وغیرہ "اس طور پر اس لفظ کے معانی نام کے لیے کچھ عمدہ نہیں۔ بہتر یہ ہے کہ صحابیات یانیک خواتین کے نام پربچی کانام رکھیں کہ حدیث پاک میں اچھوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب دلائی گئی ہے۔

   لسان العرب میں ہے:البارية:فارسي معرب،قيل:هو الطريق،وقيل:الحصير المنسوج،وفي الصحاح:التي من القصبترجمہ:باریہ فارسی لفظ ہےجسے عربی بنایا  گیا ہے، اس کا ایک  مطلب "راستہ"بیان کیا گیا  ہے۔ایک معنی"بُنی ہوئی چٹائی"بیان کیا گیا ہے جبکہ  لغت کی کتاب الصحاح میں اس کا معنی یہ بیان ہوا کہ وہ چٹائی جو بانس سے بنائی گئی ہو۔(لسان العرب، ج4، ص87،دار صادر،بيروت)

   مسند الفردوس میں حدیث پاک ہے”تسموا بخیارکم۔“ترجمہ:اپنی بہترین ہستیوں کے ناموں پر نام رکھو۔(مسند الفردوس، جلد2،صفحہ58،رقم الحدیث2329،دارالکتب العلمیۃ،بیروت)

   مراٰۃ المناجیح  میں ہے”اچھے نام کا اثر نام والے پر پڑتا ہے،اچھا نام وہ ہے جو بے معنی نہ ہو جیسے بدھوا،تلوا وغیرہ اور فخر و تکبر نہ پایاجائے جیسے بادشاہ،شہنشاہ وغیرہ اور نہ برے معنی ہوں جیسے عاصی وغیرہ۔بہتر یہ ہے کہ انبیاء کرام یا حضور علیہ السلام کے صحابہ عظام،اہلبیت اطہار کے ناموں پر نام رکھے جیسے ابراہیم و اسمعیل،عثمان،علی،حسین و حسن وغیرہ عورتوں کے نام آسیہ فاطمہ،عائشہ وغیرہ اور جو اپنے بیٹے کا نام محمد رکھے وہ ان شاء اﷲ بخشا جائے گا اور دنیا میں اس کی برکات دیکھے گا۔“(مراٰۃ المناجیح، جلد5، صفحہ30، نعیمی کتب خانہ،گجرات)

   بہار شریعت میں ہے”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے امید ہے کہ ان کی برکت بچہ کے شامل حال ہو۔“(بہار شریعت، جلد3، حصہ15،صفحہ356،مکتبۃ المدینۃ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم