مجیب:مولانا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3215
تاریخ اجراء:24ربیع الثانی1446ھ/28اکتوبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا لائبہ نام چینج کرکے صائبہ نام رکھ سکتے ہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
لفظ صائبہ"صائب" کی مؤنث ہے،جس کے معنی ہیں:"درست،برحق،ٹھیک،عقلمند وغیرہ۔"اس کے معنی اچھے ہیں، لہذا لائبہ نام تبدیل کرکے صائبہ نام رکھا جاسکتا ہے۔البتہ بہتریہ ہے کہ بچی کا نام نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات،بیٹیوں، صحابیات رضی اللہ عنہن اور نیک خواتین کے نام پر رکھا جائےکہ حدیث پاک میں اچھے لوگوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے، نیزامیدہے کہ اچھے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی بچی کےشامل حال ہو گی۔
فیروز اللغات میں ہے”صائب:رَسا،پہنچنے والا،درست،ٹھیک۔“(فیروز اللغات،ص858،فیروز سنز،لاہور)
القاموس الوحید میں ہے”الصائب:درست،برحق،ٹھیک۔“(القاموس الوحید،ص949،مطبوعہ لاہور)
جامع اللغات میں ہے:”صائب:ٹھیک، درست، عقلمند۔“(جامع اللغات،ج3،ص529،مطبوعہ لاہور)
الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:”تسموا بخياركم“ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو۔(الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)
مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں:”اچھے نام کا اثر،نام والے پر پڑتا ہے۔۔۔بہتر یہ ہے کہ انبیاء کرام یا حضور علیہ السلام کے صحابہ عظام، اہل بیت اطہار کے ناموں پر نام رکھے۔ جیسے ابراہیم و اسماعیل، عثمان، علی، حسین و حسن وغیرہ۔ عورتوں کے نام آسیہ، فاطمہ، عائشہ وغیرہ اور جو اپنے بیٹے کا نام محمد رکھے وہ ان شاء اللہ بخشا جائے گا اور دنیا میں اس کی برکات دیکھے گا۔“(مرآۃ المناجیح،ج5،ص30،نعیمی کتب خانہ،گجرات)
صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں،جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔“(بھار شریعت، جلد3،حصہ15، صفحہ356،مکتبۃالمدینہ، کراچی)
نوٹ:ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں۔اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں،وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔
https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
محمد نام رکھنے کا حدیث سے ثبوت ہے یا نہیں؟
نبی یا نَبِیَّہ نام رکھنا کیسا؟
محمد رافِع نام رکھنا کیسا؟
اللہ عزوجل کے ناموں سے پہلے لفظِ عبد لگانے کا حکم؟
رحمٰن نام رکھنا کیسا ؟ اگر ناجائز ہے ، تو کیا ڈاکومنٹس سے تبدیل کروانا ہوگا ؟
فرشتوں کے ناموں پر بچوں کے نام رکھنا کیسا ؟
ارحم نام رکھنا کیسا ؟
محمدمسیب نام رکھنا