Bachi Ka Naam Raiba Rakhna

بچی کا نام"رائبہ"رکھنا

مجیب:مولانا محمد شفیق عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3119

تاریخ اجراء:25ربیع الاول1446ھ/30ستمبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   رائبہ نام رکھنا کیسا ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   رائب کا معنی ہے ” صلح کروانے والا “ اوررائبہ،رائب کی مونث ہے، تو اس اعتبار سے رائبہ کا معنی ہو گا ”صلح کروانے والی“۔ اس معنی کے اعتبار سے یہ نام رکھ سکتے ہیں۔ البتہ بہتریہ ہے کہ بچی کا نام نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات،بیٹیوں، صحابیاترضی اللہ عنہن اور نیک خواتین کے نام پر رکھا جائےکہ حدیث پاک میں اچھے لوگوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے، نیزامیدہے کہ اچھے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی بچی کےشامل حال ہو گی۔

   المعجم الوسیط میں ہے :” (رأبت) الأَرْض رأبا۔۔۔و رأب بَين الْقَوْم فَهُوَ رائب  ، ملخصا “ یعنی زمین سر سبز ہو گئی ۔۔۔اور اس نے لوگوں کے درمیان صلح کروائی ، لہٰذا وہ صلح کروانے والا ہے ۔(المعجم الوسيط ،ص 319 ، دار الدعوۃ)

   المنجد میں ہے : رَأبَ (ف) رأبًا ۔۔۔بینھم:صلح کرانا۔(المنجد عربی اردو ، ص 269 ، خزینہ علم و ادب،لاہور)

   الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:”تسموا بخياركم“ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو۔(الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2329، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائےطیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے ، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔“(بہار شریعت، جلد3،حصہ15،صفحہ356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   نوٹ: ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں، وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم