Bachi Ka Naam Muheen Ya Rehnuma Rakhna

بچی کا نام مہین یا رہنما رکھنا

مجیب:مولانا عبدالرب شاکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2744

تاریخ اجراء: 19ذیقعدۃالحرام1445 ھ/28مئی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ہم نے اپنی بچی کا نام رکھنا ہے،ہم نے نام میں مہین اور رہنما پسند کیا ہے، تو  یہ نام صحابیات کے ہیں یا نہیں ؟ اور کیا ہم یہ نام رکھ سکتے ہیں ؟اگر صحیح نہیں، تو آپ سے گزارش ہے کہ آپ تھوڑے نام کی لسٹ بھیج دیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   صحابیات میں سے کسی کا نام مہین یا رہنما ہونا معلوم نہیں۔مہین  کا معنی ہے :حقیر، کمزور، کم سمجھ۔یہ معنی مناسب نہیں ، لہذا  یہ نام نہ رکھا جائے،اور رہنما کامعنی ہے:ٹھیک راستہ بتانے والا، رہبر۔معنی کے اعتبار سے یہ نام رکھنا جائز ہے، البتہ بہتریہ ہے کہ بچی کا نام نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات،بیٹیوں، صحابیات رضی اللہ عنہن اور نیک خواتین کے نام پر رکھا جائےکہ حدیث پاک میں اچھے لوگوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے، نیزامیدہے کہ اچھے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی بچی کےشامل حال ہو گی۔

   المنجد  میں  ہے:المھین:حقیر، کمزور، کم سمجھ۔(المنجد،ص 864،خزینہ علم و ادب، لاہور)

   فیروز اللغات میں ہے”راہنما:ہادی،راستہ دکھانے والا،رہبر۔(فیروز اللغات،ص 702،فیروز سنز،لاہور)

   الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:”تسموا بخياركم “ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو ۔(الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں ، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے ، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔“(بھار شریعت ، جلد3،حصہ 15، صفحہ356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   نوٹ : ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں ۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں ،وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے ۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے ۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم