Bachi Ka Naam Kausar Rakhna

بچی کا نام" کوثر" رکھنا

مجیب:مولانا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1728

تاریخ اجراء:11ربیع الاول1446ھ/14ستمبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   بچی کا نام کوثر رکھنا کیسا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    کوثر نام رکھنا جائز  اور معنٰی کے اعتبار سے درست ہے کہ اس کا معنٰی "خیر کثیر" ہے، اور بعض احادیث کے مطابق جنت میں موجود ایک نہر کا نام بھی "کوثر" ہے۔ البتہ بہتریہ ہے کہ بچی کا نام نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات،بیٹیوں، صحابیات  رضی اللہ عنہن اور نیک خواتین کے نام پر رکھا جائےکہ حدیث پاک میں اچھے لوگوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے، نیزامیدہے کہ اچھے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی بچی کےشامل حال ہو گی۔

   لغت کی معتبر کتاب لسان العرب میں ہے:”الکوثر۔۔۔ معنا ہ الخیر الکثیر“  ترجمہ:  کوثر کا معنٰی خیر کثیر ہے۔(لسان العرب،ج 5،ص 133، دار صادر ، بيروت)

   سنن الترمذی میں ہے” عن عبد الله بن عمر، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: الكوثر نهر في الجنة “ ترجمہ:حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:کوثر ،جنت میں موجود ایک نہر ہے۔ (سنن الترمذی،رقم الحدیث 3361،ج 5،ص 449،مطبوعہ مصر)

   الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:”تسموا بخياركم“ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو۔(الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2329، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں ، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے ، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔“  (بہار شریعت ، جلد3،حصہ 15، صفحہ356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   نوٹ : ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں ۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں ،وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے ۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم