Bachi Ka Naam Ayla Rakhna Kaisa?

 

بچی کا نام "عائلہ" رکھنا

مجیب:مولانا محمد شفیق عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-3262

تاریخ اجراء: 08جمادی الاولیٰ 1446ھ/11نومبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   بچی کانام عائلہ رکھنا کیساہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   عائلہ نام رکھنا مناسب نہیں ہے ، کیونکہ اس کے معنی اچھے اور بُرے دونوں طرح کے ہیں کہ اس کے معنی گھرانہ ، خاندان اور اولاد والا ہونا ،نیز بیوی بچوں کی کفالت کرنا بھی آتے ہیں اور غریب و مفلس (تنگ دست ) اور محتاج بھی آتے ہیں ۔

   بہتریہ ہے کہ بچی کا نام نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات،بیٹیوں، صحابیات رضی اللہ عنہن اور نیک خواتین کے نام پر رکھا جائےکہ حدیث پاک میں اچھے لوگوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے، نیزاس سے یہ امیدبھی ہے کہ اچھے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی بچی کےشامل حال ہو گی۔

   القاموس الوحید میں ہے ”العائل : (۱)ایسا پودا یا نبات ، جس سے کوئی دوسرا خود رو پودا یا نبات اپنی غذا حاصل کرے اور اس کا سہارا لے (۲) کنبہ پرور ، عیال دار (۳)غریب و مفلس ۔ ۔۔العائلۃ:گھرانہ،کنبہ،خاندان،فیملی۔"(القاموس الوحید ، ص1143 ، ادارہ اسلامیات،لاہور)

   المنجد میں ہے”العائل : محتاج ۔  "(المنجد ، ص598 ، خزینۂ علم و ادب ، لاھور)

   الفردوس بماثور الخطاب میں ہے: ”تسموا بخياركم “ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو ۔(الفردوس بماثور الخطاب، ج 2، ص 58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں ، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے ، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔“(بھار شریعت ، ج 3،حصہ 15، ص 356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   نوٹ : ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں ۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں ،وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے ۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے ۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم