Bache Ka Naam Umar Rakhna

 

بچے کا نام "عمر" رکھنا

مجیب:ابوالفیضان مولانا عرفان احمد عطاری

فتوی نمبر:WAT-2987

تاریخ اجراء: 16صفر المظفر1446 ھ/22اگست2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   چھوٹے بچے کا نام عمر رکھا ہے ،تو وہ کچھ ٹھیک نہیں رہتا، کسی نے کہاہے کہ نام بدل دیں، آپ کچھ رہنمائی فرمائیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   عمر  نام رکھنا ،بلاشبہ جائزودرست  بلکہ بہتر ہے کہ یہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے پیارے صحابی ،اسلام کے دوسرے خلیفہ کانام ہے اور حدیث پاک میں  اچھوں کے نام پرنام رکھنے کاحکم فرمایاگیا ہے۔اوراس سے امیدہے کہ اچھوں کی برکت بچے کے شامل حال رہے گی ۔

   اورکسی اچھے نام کے متعلق یہ سمجھنا کہ یہ بھاری ہے، جس کی وجہ سے بچہ زیادہ بیمار رہتا ہے یا بہت تنگ کرتا اور ضدی ہے ، تویہ تصور درست نہیں ہے اورنہ اس وجہ سے اس نام کوبدلناچاہیے۔ ہاں! جو نام شرعا بُرا یا نامناسب ہو ، اسے بدل دینا چاہیےاوراس کے بجائے اچھانام رکھنا چاہیے۔

                                                                                                        الفردوس بماثور الخطاب میں ہے: ”تسموا بخياركم “ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو ۔(الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   نبی کریم صلی اللہ تعالی  علیہ  وآلہ وسلم نے بدفالی لینے والوں  سے اپنی بیزاری کا اِظہاران الفاظ میں  فرمایا:” ليس منا من تطير ولا تطير له یعنی جس نے بَدشگونی لی اور جس کے لیے بَدشگونی لی گئی وہ ہم میں  سے نہیں  ہے (یعنی ہمارے طریقے پر نہیں  ہے ) ۔(المعجم الکبیر،رقم الحدیث 355،ج 18،ص 162،مطبوعہ قاھرۃ)

    بہارشریعت میں ہے " جو نام برے ہوں ان کو بدل کر اچھا نام رکھنا چاہیے۔ حدیث میں ہے، کہ ''قیامت کے دن تم اپنے اور اپنے باپوں کے نام سے پکارے جاؤ گے، لہٰذا اپنے نام اچھے رکھو۔''حضور اقدس صلَّی اللہ تعالی علیہ وسلَّم نے برے ناموں کو بدل دیا۔ ایک شخص کا نام اصرم تھا اس کو بدل کر زرعہ رکھا۔ اور عاصیہ نام کو بدل کر جمیلہ رکھا۔  یسار، رباح، افلح، برکت نام رکھنے سے بھی منع فرمایا۔" (بہارشریعت،ج03،حصہ16،ص603،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم