Bache Ka Naam Ali ul Murtaza Rakhna Kaisa ?

بچے کا نام علی المرتضی رکھنا کیسا ؟

مجیب: مولانا محمد شفیق عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2476

تاریخ اجراء: 11شعبان المعظم1445 ھ/22فروری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میرا سوال یہ ہے کہ بچے کا نام علی المرتضیٰ رکھ سکتے ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    جی ہاں ، مسلمانوں کے چوتھے خلیفہ حضرت مولا علی ، مشکل کشا ، شیرِ خدا کَرَّمَ اللہُ وَجْھَہُ الْکَرِیْم کے مبارَک نام سے برکت حاصل کرنے کی نیت سے اپنے بچے کا نام علی المرتضیٰ رکھا جا سکتا ہے ،بلکہ بہتر ہے کہ رکھا جائے کہ حدیث مبارکہ میں نیک لوگوں کے نام پر نام رکھنے کی ترغیب دلائی گئی ہے اور امید ہے کہ حضرت علی المرتضی رضی اللہ تعالی عنہ کی برکت بچے کے شاملِ حال ہو۔

   الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:  تسموا بخياركم “ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو ۔(الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   بہارشریعت میں ہے "بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شامل حال ہو۔ " (بہارشریعت،ج03 ،حصہ15،ص356،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم