Aroob Naam Rakhna Kaisa Hai ?

عروب نام رکھنا کیسا ہے ؟

مجیب: ابو حفص مولانا محمد عرفان عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2046

تاریخ اجراء: 18ربیع الاول1445 ھ/05اکتوبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   "     عروب" نام کا معنی کیا ہے؟ کیا  لڑکی کا نام  عروب رکھ سکتے ہیں یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   لغت میں عروب کا معنی "اپنے شوہر کی محبوب بیوی" ہے۔اس معنی کے اعتبار سے لڑکی کانام"عروب"رکھنا جائز ہے ۔مگر بہتر یہ ہے کہ ازواج ِمطہرات ،صحابیات اورنیک خواتین کے نام پر رکھا جائےکیونکہ  احادیث مبارکہ میں  نیکوں کے نا م پر نام رکھنے کی ترغیب دلائی گئی ہےنیزاس کی وجہ سے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی  شامل حال ہو گی۔

   تاج العروس میں لفظ" عروب "کامعنی یہ ہے:"امراۃ المحتببۃ الی زوجھا"یعنی اپنے شوہر کی محبوب بیوی۔  اس کی جمع "عُرُب " ہے ، قرآن کریم میں بھی یہ لفظ مذکور ہے چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿فَجَعَلْنٰهُنَّ اَبْكَارًاۙ(۳۶) عُرُبًا اَتْرَابًاۙ(۳۷) ﴾ترجمہ کنزالایمان: تو انہیں بنایا کنواریاں اپنے شوہر پر پیاریاں انہیں پیار دلاتیاں ایک عمر والیاں ۔ (تاج العروس من جواهر القاموس ،ج03، ص337، دار الھدایۃ،بیروت)

   حدیث پاک میں ہے:"تسموا بخياركم واطلبوا حوائجكم عند حسان الوجوه"یعنی : اپنے اچھوں کے نام پر نام رکھو اور اپنی حاجتیں اچھے چہرہ والوں سے طلب کرو۔ (مسندالفردوس ،ج2،ص58،دار الكتب العلمية، بيروت)

      امام ابوداؤد سلیمان بن اشعث رحمۃ اللہ علیہ اچھے نام رکھنے کی حکمت  سے متعلق حدیث پاک نقل کرتے ہیں کہ حضرت ابوالدرداء  رضی اللہ عنہ سے مروی ہے : رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ و سلم نے  ارشاد فرمایا:" إنكم تدعون يوم القيامة بأسمائكم، وأسماء آبائكم، فأحسنوا أسماءكم"ترجمہ : تم قیامت کے دن اپنے   ناموں اور اپنے باپوں کے ناموں  سے بلائے جاؤ گے تو اپنے نام اچھے رکھو۔(سنن ابو داؤد ، باب في تغيير الأسماء،ج 4،ص287،المکتبۃ العصریہ ،بیروت)

   بہار شریعت میں ہے: "بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شامل حال ہو۔"(بہار شریعت ، ج3، حصہ16،ص356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم