Aniqa Aur Manahil Naam Rakhna Kaisa Hai ?

انیقہ اور مناہل نام رکھنا کیسا ہے ؟

مجیب: محمد عرفان مدنی عطاری

فتوی نمبر:WAT-1673

تاریخ اجراء: 03ذوالقعدۃالحرام1444 ھ/24مئی2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

      انیقہ اور مناہل نام میں سے کون سا نام بہتر ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   انیقہ کا  ایک معنی ہے: ’’خوبصورت باغ‘‘(مصباح اللغات، صفحہ 46،لاہور)

اورفیروزاللغات میں انیقہ کے معانی ہیں :"خوش آئند،خوب،نادروغیرہ۔"(فیروزاللغات،ص134،لاہور)

   ایک قول کے مطابق حضرت سیدناانس رضی اللہ تعالی عنہاکی والدہ ماجدہ ،صحابیہ ،حضرت ام سلیم انصاریہ رضی اللہ تعالی عنہاکانام ہے۔

   نخب الافکارمیں علامہ بدرالدین عینی علیہ الرحمۃ تحریرفرماتے ہیں :"وأم سليم بنت ملحان الأنصارية، أم أنس بن مالك، وفي اسمها أقوال: سهلة، ورميلة، ورميثة وأنيقة؛ ومليكة، وغير ذلك."(نخب الافکار،ج10،ص126،قطر)

   اور مناہل کا معنی ہے: ’’راستہ میں پانی پینے کی جگہ،پانی کاگھاٹ، چشمہ آب‘‘۔ (قاموس الوحید، صفحہ 1718)(المنجد، ص 944،خزینہ علم وادب،لاہور)

   معنی کے اعتبار سے یہ دونوں نام درست ہیں ۔ان میں زیادہ بہتر"انیقہ"نام ہے کیونکہ یہ ایک قول کے مطابق صحابیہ کانام ہے بہترہے کہ بچیوں کانام نیک خواتین میں سے کسی کے نام پر رکھاجائے کہ نیکوں کے نام پرنام رکھنے کی حدیث پاک میں ترغیب دلائی گئی ہے اورامیدہے کہ اس سے نیکوں کی برکات بچی کوملیں گی ۔ حدیث مبارک میں نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:" تسموا بخیارکم"یعنی اپنے اچھوں کے نام پر نام رکھو۔

   نوٹ: اچھے ناموں کے متعلق معلومات کے کے لئےمکتبۃ المدینہ سے شائع کردہ رسالہ "نام رکھنے کے احکام"کا مطالعہ کریں،اس میں اچھے نام بھی موجود ہیں ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم