مجیب:مولانا محمد فرحان افضل عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3249
تاریخ اجراء:04جمادی الاولیٰ1446ھ/07نومبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
عبد الغوث اور محی الدین نام رکھنا کیسا ہے اور ان کا معنی کیا ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
عبد الغوث:اگر لفظِ"عبد"کی غوثِ اعظم حضرت سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی طرف نسبت ہو،تو اس کا معنی بنے گا"غوثِ اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کا غلام،خادم۔"
حکمِ شرعی:عبد الغوث وغیرہ ایسے نام جن میں لفظ عبد کی نسبت اللہ تعالی کے بندوں کی طرف ہو،ایسے نام رکھنا جائز ہے لیکن بچناافضل ہے کہ بعض متاخرین علمانے ممانعت فرمائی ہے۔ہاں!اگر کسی کا نام کوئی اور ہے لیکن وہ نسبت سے شرف حاصل کرنےکےلئے اپنے آپ کو عبد الغوث وغیرہ کہتا ہے،تو اس میں حرج نہیں ہے۔
محی الدین:اس کا معنی ہے:"دین کو زندہ کرنے والا۔"
حکمِ شرعی:اس نام میں تزکیہ نفس اور خود ستائی والا معنی پایا جا رہا ہےاور ایسے نام شرعاً سخت ناپسند،مکروہ اور ممنوع ہیں،لہذا اس سے بچنے کا حکم ہو گا۔
نوٹ:اسلاف میں سے بعض افراد محی الدین،شمس الائمہ،محی الدین اور تاج الشریعہ وغیرہ سے مشہور ہیں،تو یہ ان کے نام نہیں،بلکہ القاب ہیں،جو مسلمانوں نے ان کے اس مقام پر فائز ہونے کے بعد رکھے،اس میں کوئی حرج نہیں۔
عبد کی نسبت غیرِ خدا کی طرف کرنا گناہ نہیں۔ چنانچہ رب تعالیٰ فرماتا ہے:﴿وَ اَنْكِحُوا الْاَیَامٰى مِنْكُمْ وَ الصّٰلِحِیْنَ مِنْ عِبَادِكُمْ وَ اِمَآىٕكُمْؕ-﴾ترجمہ:اورتم میں سے جو بغیر نکاح کے ہوں اور تمہارے غلاموں اور لونڈیوں میں سے جو نیک ہیں ان کے نکاح کردو۔(پ18،سورۃ النور،آیت نمبر32)
تزکیہ نفس کی ممانعت کے متعلق ارشاد ہوتا ہے:﴿فَلَا تُزَكُّوْۤا اَنْفُسَكُمْ﴾ترجمہ: پس آپ اپنی جانوں کوستھرا نہ بناؤ۔(پارہ نمبر27 آیت نمبر32)
علامہ شامی رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتےہیں:’’اقول:ویؤخذ من قولہ’’ولا عبد فلان‘‘منع التسمیۃبعبد النبی،ونقل المناوی عن الدمیری انہ قیل با لجواز بقصد التشریف با لنسبۃ‘‘ترجمہ:میں یہ کہتا ہوں کہ (صاحب فصول العلامی)کے قول’’ولاعبد فلان‘‘سے معلوم ہوتا ہے کہ عبد النبی نام رکھنا بھی منع ہے،اور امام مناوی نے علامہ دمیری سے،نسبت سے شرف حاصل کرنے کے لئے اس کا جواز نقل کیا ہے۔(ردالمحتار،ج9،ص689، مطبوعہ، مکتبہ حقانیہ، پشاور)
اوراعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ سے عبد المصطفیٰ نام رکھنے کے متعلق سوال ہوا تو جواباً ارشاد فرمایا:"توصیفاًبلا شبہ جائز اور اجلہ صحابہ سے ثابت،کراہت کہ بعض متاَخرین نے لکھی،جانب تسمیہ راجع ہے۔۔۔۔۔علامہ عابدسندی مدنی رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے طوالع الانوارمیں اورحاشیہ درمختارمیں عبدالنبی وعبدالرسول کاجوازبہت احادیث سے ثابت کیاہے۔علامہ جمال بن عبداللہ بن عمررحمۃ اللہ علیہ مفتی حنفیہ بمکہ مکرمہ کے فتاوی میں بھی اس کاجوازمصرح ہے۔"(فتاوی رضویہ، ج24، ص669، مطبوعہ، رضا فاؤنڈیشن،لاہور)
فتاوی رضویہ میں ہے"نظام الدین،محی الدین،تاج الدین اور اسی طرح وہ تمام نام جن میں مسمی کا معظم فی الدین بلکہ معظم علی الدین ہونا نکلے جیسے شمس الدین،بدرالدین،نورالدین،فخرالدین،شمس الاسلام،بدرالاسلام وغیرذٰلک، سب کوعلماء اسلام نے سخت ناپسند رکھا اورمکروہ وممنوع رکھا،اکابردین قدست اسرارھم کہ امثال اسلامی سے مشہور ہیں،یہ ان کےنام نہیں القاب ہیں کہ ان مقامات رفیعہ تک وصول کے بعد مسلمین نے توصیفاانہیں ان لقبوں سے یاد کیا،جیسے شمس الائمہ حلوائی،فخرالاسلام بزدوی،تاج الشریعہ،یونہی محی الحق والدین حضور پر نور سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ۔“(فتاوی رضویہ،جلد24،صفحہ683،رضافاؤنڈیشن،لاھور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
محمد نام رکھنے کا حدیث سے ثبوت ہے یا نہیں؟
نبی یا نَبِیَّہ نام رکھنا کیسا؟
محمد رافِع نام رکھنا کیسا؟
اللہ عزوجل کے ناموں سے پہلے لفظِ عبد لگانے کا حکم؟
رحمٰن نام رکھنا کیسا ؟ اگر ناجائز ہے ، تو کیا ڈاکومنٹس سے تبدیل کروانا ہوگا ؟
فرشتوں کے ناموں پر بچوں کے نام رکھنا کیسا ؟
ارحم نام رکھنا کیسا ؟
محمدمسیب نام رکھنا