مجیب:مولانا عابد عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-1831
تاریخ اجراء:19محرم الحرام1446ھ/26جولائی2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
قرآنی آیات پر مشتمل حصار جس میں سورۂ اخلاص ، سورۂ ناس اور سورۂ فلق شامل ہیں، کیا عورت حیض کے دنوں میں اس حصارکا ورد کر سکتی ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
مخصوص ایام میں جس طرح قرآن کریم کی تلاوت کرنا،جائز نہیں اسی طرح اپنے مقصد کے حصول کے لئےوظیفے کی نیت سے قرآنی آیات پڑھنا بھی جائز نہیں اگرچہ یہ وظیفہ ان آیات کا ہو جو دعا و ثناء پر مشتمل ہوں۔لہٰذا اسلامی بہنیں مخصوص ایام میں سورۂ اخلاص ،سورۂ فلق اور سورۂ ناس وظیفے کی نیت سے نہیں پڑھ سکتیں۔ کیونکہ وظیفے کا مقصود عموماً یہی ہوتا ہے کہ قرآن کی تلاوت سے شفاء یا حصار وغیرہ دیگر جائز مقاصد حاصل ہو جائیں اور یہ واضح ہے کہ اس حالت میں قرآن کی نیت سے ایک لفظ بھی ادا کرنا جائز نہیں۔
ہاں وہ آیت یا سورت جو خالص دعا و ثناء ہو اور قرآن کے لئے متعین نہ ہو اس کو قرآن کی نیت سے نہیں بلکہ دعاوثنا کی نیت سے ہی پڑھا جائے اور یہ قصد و ارادہ کیا جائے کہ اس دعا و ثناء کی برکت سے شفا یا دیگر جائز مقاصد کا حصول ہو ،تو یہ عمل جائز ہوگا ۔ لہٰذا پوچھی گئی صورت میں عورت کا مخصوص ایام میں حصار کی غرض سے سورۂ اخلاص،سورۂ فلق اور سورہ الناس محض دعا و ثناء کی نیت سے پڑھنا، جائز ہے نیز اس میں یہ لحاظ بھی ضروری ہے کہ پڑھتے وقت ان تینوں کے شروع سےلفظ "قُل " ہٹا کر پڑھیں۔
امام اہلسنت شاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:”یہی حکم دم کرنے لئے پڑھنے کا ہے کہ طلبِ شفا کی نیت تغییرِ قرآن نہیں کر سکتی، آخر قرآن ہی سے توشفا چاہ رہا ہے ، کون کہے گا اَفَحَسِبْتُمْ اَنَّمَا خَلَقْنٰكُمْ عَبَثًاتاآخرِ سورت مصرع و مجنون کے کان میں جنب پڑھ سکتا ہے ، ہاں جس آیت یا سورت میں خالص معنی دعا و ثنا بصیغۂ غیبت وخطاب ہوں اور اس کے اول میں قُلبھی نہ ہو ، نہ اس میں حروفِ مقطعات ہوں اور اس سے قرآنِ عظیم کی نیت بھی نہ کرے بلکہ دعاو ثنا کی برکت سے طلبِ شفا کرنے کے لئے اس پر دم کرے ، تو روا ہے۔“(فتاوی رضویہ، جلد1۔ب، صفحہ 1115۔1116، رضا فاؤنڈیشن ، لاھور)
حیض، نفاس استحاضہ وغیرہ سے متعلق مسائل جاننے کیلئے دار الافتاء اہلسنت کی مطبوعہ کتاب ”خواتین کے مخصوص مسائل“پڑھیں،یہ کتاب مکتبۃ المدینہ کی کسی بھی برانچ سے خریدی جا سکتی ہے نیز اسے نیچے دیئے گئے لنک کے ذریعے بالکل فری ڈاون لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔
https://www.daruliftaahlesunnat.net/sharebook/ur/778
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
سر کے بالوں کے بارے میں شرعی حکم
عورت کو روزہ کی حالت میں حیض یا نفاس آجائے تو کیا وہ کھا پی سکتی ہے ؟
کانچ کی چوڑیاں پہننا
محرم کے بغیر عمرے پر جانا
وضو کے بعد ناخن پالش لگانے اور آرٹیفیشل جیولری پہن کر نماز پڑھنے کا حکم
میک اَپ والے اسٹیکرز لگے ہوں تو وضو غسل کا حکم
اسلامی بہنیں سرکا مسح کیسے کریں؟
دودھ پلانے والی ماؤں کیلئے رمضان کے روزے کا حکم