Namaz Ka Waqt Shuru Hote He Azan Se Pehle Aurat Ka Namaz e Zuhr Parhna

نمازکا وقت شروع ہوتے ہی اذان سے پہلےعورت كا نمازِ ظہر ادا کرنا کیسا؟

مجیب: ابو محمد مفتی علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر: Nor-12942

تاریخ اجراء: 20 محرم  الحرام1445 ھ/08اگست 2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کوئی عورت ظہر کا وقت شروع ہونے کے بعد ظہر کی اذان سے پہلےہی تقریباً 12:45 بجے نمازِ ظہر ادا کرلے، تو کیا اس کی وہ نماز ادا ہوجائے گی؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نماز کی درست ادائیگی کے لیے وقت کا پایا جانا ضروری ہے اور ظہر کا وقت سورج ڈھلتے ہی شروع ہوجاتا ہے لہذا اگر کوئی عورت ظہر کا وقت شروع ہوتے ہی اذان سے پہلے اول وقت میں ہی نمازِ ظہر  ادا کرلے تب بھی اس کی وہ نماز ادا ہوجائے گی۔

   البتہ اتنا ضرور ہے کہ عورتوں کے ليےمستحب یہ ہے کہ فجر کی نمازہمیشہ اوّل وقت میں ادا کر یں اور باقی نمازوں میں بہتر یہ ہے کہ مَردوں کی جماعت کے بعد پڑھیں۔

   ظہر کا وقت سورج ڈھلتے ہی شروع ہوجاتا ہے۔ جیسا کہ فتاوٰی عالمگیری، کنز الدقائق، بحر الرائق وغیرہ کتبِ فقہیہ میں مذکور ہے:و النظم للاول“ و وقت الظهر من الزوال إلى بلوغ الظل مثليه سوى الفيء، كذا في الكافي وهو الصحيحیعنی ظہر کا وقت سورج ڈھلنے سے لے کر سایہ اصلی کے دو مثل ہوجانے تک ہے، جیسا کہ کافی میں ہے اوریہی صحیح ہے۔ (الفتاوى الهندية، کتاب الصلاۃ، ج 01، ص 51، دار الفکر، بیروت)

   بہار شریعت میں ہے:”وقت ظہر و جمعہ: آفتاب ڈھلنے سے اس وقت تک ہے، کہ ہر چیز کا سایہ علاوہ سایہ اصلی کے دو چند ہو جائے۔“(بہارشریعت ، ج01، ص449، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

   فجر کی نماز کے علاوہ باقی نمازوں میں عورتوں کے لیے بہتر یہ ہے کہ وہ مردوں کی جماعت کا انتظار کریں۔ جیسا کہ درِ مختار میں ہے: فالتغليس أفضل كمرأة مطلقا، وفي غير الفجر الافضل لها انتظار فراغ الجماعةیعنی عورت کے لیے مطلقاً نمازِ فجر میں تغلیس افضل ہے اور  فجر کے علاوہ باقی نمازوں میں اس کے لیے افضل یہ ہے کہ مردوں کی جماعت ہوجانے کا انتظار کرے۔(الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الصلاۃ، ج 01، ص 366، مطبوعہ بیروت)

   بہار شریعت میں ہے:”عورتوں کے ليے ہمیشہ فجر کی نماز غلس ( یعنی اوّل وقت )میں مستحب ہے اور باقی نمازوں میں بہتر یہ ہے کہ مردوں کی جماعت کا انتظار کریں، جب جماعت ہو چکے تو پڑھیں۔ “(بہارشریعت ، ج01، ص452، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم