Larki Ke Liye Parda Kis Umar Se Lazim Hai ?

لڑکی کے لئے پردہ کس عمر سے لازم ہے ؟

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1247

تاریخ اجراء: 22جمادی الاول1445 ھ/07دسمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   لڑکی کے لیےپردہ  کس عمر سے لازم ہوتا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   بچی جب پندرہ سال کی ہوجائےتواسے سب غیرمحارم سےپردہ کرناواجب ہے اورنو سال سے پندرہ سال تک اگر آثارِ بلوغ(یعنی بالغ ہونے کی علامات:حیض آنا یا احتلام ہونا یا حاملہ ہونا) ظاہر ہوں ،تو بھی پردہ واجب ہے اور اگر آثارِ بلوغ ظاہر نہ ہوں،تو پردہ واجب تونہیں ہے،البتہ مستحب ضرور ہے ،خصوصاً بارہ سال کی ہو، تو بہت مؤ کد ( یعنی سخت تاکید ہے) کہ یہ بالغہ ہونے اور شہوت کے کمال تک پہنچنے کا قریبی زمانہ ہے۔نو سال سےکم عمر کی لڑکی  کےلیے اگرچہ پردے کا استحبابی حکم بھی نہیں ،مگر بچی کی عادت بنانے کے لیے اسے پردے کے احکام وآداب  پہلے سے ہی سکھانا و شوق دلانا چاہیے ، تاکہ جب پردہ کرنے کی عمر کو پہنچے، تو بلا جھجک کر سکے ، ورنہ ہوتا یہ ہے کہ جو لوگ شروع سے کوئی تعلیم نہیں دیتے اور بچی بالغہ ہو جاتی ہے، تو پھر وہ والدین کی بات  ماننے کو تیار نہیں ہوتی اور پردے سے بچنے کے لیے طرح  طرح کے بہانے  و عذر تراشتی ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم