مجیب:مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-1796
تاریخ اجراء:11محرم الحرام1446ھ/18جولائی2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
ایک اسلامی بہن نے پوری نماز پڑھ لی اور بعد میں دیکھا کہ جو قمیص پہن کر اس نے نماز ادا کی، اس کے بازو پر لیس لگی ہوئی ہے، جس میں چھوٹے چھوٹے سوراخ ہیں اور کافی سارے ہیں اگر ان کو ملا کر حساب لگایا جائے، تو چوتھائی کان سے زیادہ بنتے ہیں۔اس صورت میں پڑھی گئی نماز کا کیا حکم ہوگا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
اگر صرف ایک ہی عضو مثلاً بازو والے حصے میں کپڑے میں سوراخ اور پھٹن ہے، باقی اعضاء کا ستر اور پردہ مکمل ہے، تو اس صورت میں وہ چھوٹے چھوٹے سوراخ جمع کئے جائیں تو وہ اسی عضو (یعنی بازو) کے چوتھائی تک پہنچتے ہوں اور اسی حالت میں نماز پڑھ لی، تو اس صورت میں نماز نہیں ہوگی، اس نماز کو دوبارہ پڑھنا لازم ہوگا، اور اگر وہ سوراخ جمع کئے جانے کے بعد اسی عضو کی چوتھائی تک نہ پہنچتے ہوں تو نماز ہوجائے گی۔ البتہ قصدا ً ایسے لباس میں نماز جائز نہیں۔
آپ نے سوال میں کان کی چوتھائی کا ذکر کیا، تو اس حوالے سے یہ واضح رہے کہ ہر صورت میں کان کی چوتھائی کی مقدار کا حساب نہیں ہوتا، بلکہ اگر ایک عضو کھلا ہوا ہے، تو اسی عضو کی چوتھائی کا حساب ہوگا اور اگر ایک سے زائد اعضا کا کچھ کچھ حصہ کھلا ہے، تو اب کھلے ہوئے اعضا میں سے جو سب سے چھوٹھا عضو ہے، اس کی چوتھائی کا اعتبار ہوگا۔
امامِ اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:” اگر ایک عضو کی چہارم سے کم ظاہر ہے ، تو نماز صحیح ہوجائے گی ، اگرچہ نیت سے سلام تک انکشاف رہے،اگرچہ بعض صورتوں میں گناہ و سوئے ادب بیشک ہے۔اگر ایک عضو دو جگہ سے کھلا ہو، مگر جمع کرنے سے اس عضو کی چوتھائی نہیں ہوتی، تو نماز ہوجائے گی اور چوتھائی ہوجائے ، تو بتفاصیلِ مذکورہ نہ ہوگی۔متعدد عضووں مثلاً دو میں سے اگر کچھ کچھ حصہ کھلا ہے ، تو سب جسمِ مکشوف ملانے سے ان دونوں میں جوچھوٹا عضو ہے اگر اس کی چوتھائی تک نہ پہنچے ، تو نماز صحیح ہے۔ “(فتاوی رضویہ، جلد6،صفحہ 30، رضا فاؤنڈیشن ، لاھور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
سر کے بالوں کے بارے میں شرعی حکم
عورت کو روزہ کی حالت میں حیض یا نفاس آجائے تو کیا وہ کھا پی سکتی ہے ؟
کانچ کی چوڑیاں پہننا
محرم کے بغیر عمرے پر جانا
وضو کے بعد ناخن پالش لگانے اور آرٹیفیشل جیولری پہن کر نماز پڑھنے کا حکم
میک اَپ والے اسٹیکرز لگے ہوں تو وضو غسل کا حکم
اسلامی بہنیں سرکا مسح کیسے کریں؟
دودھ پلانے والی ماؤں کیلئے رمضان کے روزے کا حکم