Jis Safhe Par Sirf Quran Likha Ho Napaki Ki Halat Mein Usay Chona

جس صفحے پر صرف قرآن لکھا ہو، ناپاکی کی حالت میں اُسے چھونا کیسا؟

مجیب: ابو محمد مفتی علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر:Nor-13209

تاریخ اجراء:             16جمادی الثانی1445 ھ/30دسمبر 2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیافرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کےبارےمیں کہ جس صفحے کے پورے یا اکثر حصے پر فقط قرآنی آیت یا اُس کا ترجمہ ہی لکھا ہو، اور کچھ نہ لکھا ہو۔ خواتین کا ناپاکی کی حالت میں  ایسے صفحے کو سائیڈ سے چھونا کیسا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں خواتین کا  ناپاکی کی حالت میں  اُس صفحے کے کسی بھی حصے کو بلا حائل چھونا، ناجائز و حرام ہے ۔  یہی حکم جنبی شخص کا بھی ہے۔ یونہی بے وضو شخص  اعضائے وضو سے کوئی عضو ایسے صفحے  سے مس نہیں کر سکتا  کیونکہ وہ صفحہ  مصحف کے حکم میں ہے ۔

   چنانچہ  جوہرۃ النیرہ، اللباب شرح الکتاب میں ہے: والنظم للاول“ لا يجوز له مس شيء مكتوب فيه شيء من القرآن من لوح أو درهم أو غير ذلك إذا كان آية تامة۔“یعنی جس تختی، درہم وغیرہ میں قرآن کی ایک مکمل آیت لکھی ہو تو اُس تختی، درہم وغیرہ کو ناپاکی کی حالت میں  چھونا، جائز نہیں ۔(الجوھرۃ النیرۃ، کتاب الطھارۃ، ج 01، ص31، المطبعة الخيرية)

   خزانۃ المفتین، محیطِ برہانی، مبسوط، بنایہ وغیرہ کتبِ فقہیہ میں اس متعلق مذکور ہے:والنظم للاول“ والدرهمُ المكتوبُ عليه سورةٌ من القرآن حكمُه حكمُ المصحف۔۔۔۔واللوحُ المكتوبُ عليه آيةٌ تامّةٌ کالمصحفیعنی ایسے دراہم کہ جس پر قرآنی سورت لکھی ہو تو اس کا حکم مصحف والا ہے۔۔۔۔۔ایسی تختی کہ جس پر کامل آیت لکھی ہو وہ مصحف کے حکم میں ہے۔(خزانۃ المفتین ، کتاب الصلاۃ، ص702، رسالۃ دکتورۃمحققۃ، ملتقطاً)

   بہار شریعت میں ہے:” کاغذ کے پرچے پر کوئی سورہ یا آیت لکھی ہواس کا بھی چھونا حرام ہے۔(بہارشریعت ، ج 01، ص 379، مکتبۃ  المدینہ، کراچی)

   مزید ایک دوسرے مقام پر صدر الشریعہ علیہ الرحمہ نقل فرماتے ہیں:” قرآن کا ترجمہ فارسی یا اردو یا کسی اور زبان میں ہو اس کے بھی چھونے اور پڑھنے میں قرآنِ مجید ہی کا سا حکم ہے۔(بہارشریعت، ج 01، ص 327، مکتبۃ  المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم