مجیب:مولانا محمد سجاد عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3343
تاریخ اجراء:06جمادی الاخریٰ1446ھ/09دسمبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
میرا سوال یہ ہے کہ کئی بچیاں شادی کے بعد کچھ دوائیاں استعمال کرتی ہیں تاکہ فوراً حمل نہ ٹھہرے کیوں کہ ابھی وہ اس کی ذمہ داریاں نہیں اٹھا سکتی ہیں یا پھر وہاں کے ماحول میں ڈھلنے کے لئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے یا پھر پہلے ایک بچہ ہے اور ابھی وہ بہت چھوٹا ہے اور دوسرا بچہ ہونے سے پہلے اس کو صحیح طریقے سے وقت نہ دیا جا سکےگا، تو کیا ان وجوہات کی بنا پر وہ دوائیاں لینا درست ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
جی ہاں!پوچھی گئی صورت میں معقول وجوہات کی بناپرعارضی طور پرحمل نہ ٹھہرنے کے لیے مانعِ حمل ادویات استعمال کرنا کہ جب تک دوا کا استعمال جاری رہے،حمل قرارنہیں پائےگا،اور جب دوا کا استعمال بند کردیا جائے،تو حمل قرار پاسکتا ہےتویہ جائز ہے،کیونکہ یہ عزل(شوہر کا مادہ منویہ کو باہرخارج کرنے)کے حکم میں ہے اورعزل جائز ہے۔ہاں البتہ مستقل طور پر بچہ دانی بند کروانا یااولاد روکنے کے لیے آپریشن کروانا،جائز نہیں،کیونکہ یہ مُثلہ کے حکم میں ہےاور مُثلہ ناجائز وحرام ہے۔
مفتی وقار الدین رحمۃ اللہ علیہوقار الفتاوی میں فرماتے ہیں:’’ایسی دوائیں استعمال کی جائیں کہ جب تک دوا کا استعمال جاری رہے،حمل قرارنہیں پائے گا،اور جب دوا کا استعمال بند کردیا جائے،تو حمل قرار پاسکتا ہے،اس میں اگر کوئی معقول وجہ ہے،مثلا پہلا بچہ چھوٹا ہے فوراً دوبارہ حمل ہونے سے اسکی صحت خراب ہوگی یا بیوی کی صحت اچھی نہیں ہے کہ جلدی جلدی بچے کی پیدائش سے اس کی صحت اور خراب ہوجائے گی تو ان دواؤں کا استعمال جائز ہے اور یہ بالکل عزل(شوہر مادہ منویہ کو باہرخارج کرے)کے حکم میں ہے اور یہ جائز ہے۔‘‘(وقار الفتاوی،ج3،ص126،بزم وقار الدین،کراچی)
مزید فرماتے ہیں:’’آپریشن کر کے حمل کی صلاحیت کو ضائع کر دیا جائے تو یہ بھی نا جائز و حرام ہے اور مثلہ کے حکم میں ہے۔مثلہ کے معنی یہ ہیں کہ کسی عضو کو ضائع کر دینا۔اس میں بھی رحم کو ضائع کر دیا جاتا ہے،جو عضو کے ضائع کرنے کے حکم میں ہے۔(وقار الفتاوی،ج03،ص 126،بزم وقار الدین،کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
سر کے بالوں کے بارے میں شرعی حکم
عورت کو روزہ کی حالت میں حیض یا نفاس آجائے تو کیا وہ کھا پی سکتی ہے ؟
کانچ کی چوڑیاں پہننا
محرم کے بغیر عمرے پر جانا
وضو کے بعد ناخن پالش لگانے اور آرٹیفیشل جیولری پہن کر نماز پڑھنے کا حکم
میک اَپ والے اسٹیکرز لگے ہوں تو وضو غسل کا حکم
اسلامی بہنیں سرکا مسح کیسے کریں؟
دودھ پلانے والی ماؤں کیلئے رمضان کے روزے کا حکم