Haiz Ke Dino Mein Tasbih Pakar Kar Wazifa Karna

حیض کے دنوں میں تسبیح پکڑ کر وظائف کرنا

مجیب: مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2153

تاریخ اجراء: 19ربیع الثانی1445 ھ/04نومبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   عذرکی حالت میں تسبیح پکڑکروظائف پڑھ سکتےہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   حیض ونفاس کی حالت میں عورت قرآن مجیدکےعلاوہ، وظائف اوردعائیں مطلقاً پڑھ سکتی ہے،تسبیح پرپڑھےیااس کےبغیر،ہاں بہتریہ ہےکہ وضویاکلی کرکےپڑھے،اگر ویسےبھی پڑھاتوحرج نہیں۔

   چنانچہ صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ ارشاد فرماتے ہیں :"قرآن مجید کے علاوہ اور تمام اذکار، کلمہ شریف، درود شریف وغیرہ پڑھنا بلاکراہت جائز بلکہ مستحب ہے اور ان چیزوں کو وضو یا کلی کرکے پڑھنا بہتر اور ویسے بھی پڑھ لیا جب بھی کچھ حرج نہیں۔"(بہار شریعت،جلد 1،حصہ 2، صفحہ 379، مطبوعہ :مکتبۃ المدینہ )

   البتہ! اس حالت میں  قرآن مجیدکی تلاوت کرناحرام ہے۔ہاں  وہ آیات جو ذکر و ثناء و مناجات و دعا پر مشتمل ہوں، انہیں تلاوت کی نیت کئے بغیر، ذکر و دعا کی نیت سے پڑھنا جائز ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم