Dulhan Ne Mehnga Makeup Kiya Ho Aur Wazu Toot Jaye Tu Kya Hukum Hai ?

دلہن نے مہنگا میک اپ کیا ہو اور وضو ٹوٹ جائے تو کیا حکم ہے ؟

مجیب: مولانا فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1373

تاریخ اجراء: 27جمادی الثانی1445 ھ/10جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کسی دلہن کا میک اپ کروانے کے بعد وضو ٹوٹ جائے،تو اس کے لیے کیا حکم ہوگا ؟ میک اپ 30 سے 35 ہزار اور کوئی کوئی 60 سے 70 ہزار تک کا ہوتا ہے، تو کیا وضو کے لئے چہرہ وغیرہ اعضائے وضو دھونا لازم ہوں گے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   میک اپ کتناہی مہنگاکیوں نہ ہواس  کی وجہ سے وضوکرنے کاحکم ختم نہیں ہوتا، دلہن پر بدستور وضو کرکے ہی نماز پڑھنا شرعاً فرض رہے گا  کیونکہ میک اپ کا  خراب ہوجانا ایسا عذر نہیں ہے جس کے سبب تیمم کرنا جائز ہو۔دلہن کاوضو ٹوٹ جائے اور فرض نماز کا وقت ختم ہورہا ہو تو وضو کرکے ہی نماز پڑھنا فرض ہے۔ البتہ ممکنہ صورت میں یہ ہوسکتا ہے کہ دلہن با وضو ہو کر میک اپ  کروائے اور پھر اس وضو کو برقرار رکھے تاکہ نمازوں کے اوقات میں اس کو وضو نہ کرنا پڑے،یوں یہ باوضو حالت میں نماز بھی پڑھ لے گی  اور میک اپ پر بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ تاہم اگر باوضو ہوکر میک اپ تو  کرلیا لیکن میک اپ کے بعد دوبارہ وضو کی حاجت پیش آئی تو اب نماز کے لئے دوبارہ وضو کرنا ضروری ہوگا ، فقط میک اپ کے خراب ہوجانے کے سبب تیمم نہیں کرسکتی۔نیز اگر میک اپ واٹر پروف ہے یا تہہ والا ہے جو پانی کھال تک پہنچنے سے رکاوٹ بنے گا تو میک اپ ختم کروا کر ہی وضو کرنا ہوگا اوپر سے وضو کرنے سے وضو نہ ہوگا۔

   تنبیہ: شادی بیاہ اور اس طرح کے دیگر مواقع پر بعض عورتیں معاذاللہ ثم معاذاللہ میک اپ خراب ہونےکے ڈر سے یا سستی کے باعث نمازیں قضا کر دیتی ہیں۔ یاد رہے! کہ بلاوجہِ شرعی کسی ایک وقت کی نماز بھی قضا کر دینا سخت ناجائزو حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔ لہٰذا  ایسی اسلامی بہنوں کو چاہیئے کہ اللہ عزوجل کے قہر و غضب سے ڈرتے ہوئے ان مواقع پر بھی اپنی نمازوں کا خاص خیال رکھیں۔

   قصداً نماز قضا کردینے سے متعلق  ” کنز العمال“ کی حدیث شریف  میں ہے کہ حضور جان ِ عالم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”من ترک الصلاۃ متعمداً کتب اسمه على باب النار ممن يدخلها “ ترجمہ : جس نے قصداً نماز چھوڑی تو اس کا نام جہنم کے اس دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے جس سے وہ جہنم میں داخل ہو گا۔( العیاذ باللہ)(كنز العمال، جلد 7، صفحہ 325، الحدیث:19090، موسسۃ الرسالۃ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم