5 Mah Ka Hamal Zaya Hone Ke Baad Aane Wala Khoon Nifas Hai Ya Nahi ?

پانچ ماہ کا حمل ضائع ہونے کے بعد آنے والا خون نفاس ہے یا نہیں ؟

مجیب: ابو الحسن جمیل احمد غوری العطاری

فتوی نمبر: Web-804

تاریخ اجراء: 29ربیع الثانی1444 ھ/25نومبر2022   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کسی عورت کو پہلا حمل ہو اور پانچ ماہ کا حمل ضائع ہوجائے  اور اس کے بعد خون جاری ہو ، تو یہ کون سا خون کہلائے گا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں وہ خون نفاس کا قرار دیا جائے گا  کیونکہ اگر بچےکاکوئی عضو جیسے ناخن،  ہاتھ، پاؤں یا انگلیاں وغیرہ بننےکےبعدحمل ساقط ہو، تو  اس صورت میں آنےوالاخون نفاس کا ہوتا ہے اور ایک سو بیس دن میں اعضا بن جاتے ہیں جبکہ پوچھی گئی صورت میں حمل پانچ ماہ گزر جانے کے بعد ساقط ہوا ہے، تو یقیناً بچے کے اعضا  بن چکے ہوں گے۔

        خیال رہےکہ اکثراسلامی بہنوں میں یہ مشہورہے کہ بچّہ جننے کے بعدعورت چالیس  دن تک لازِمی طورپرناپاک رَہتی ہے یہ بات باِلکل غَلَط ہے۔برا ئے کرم!نِفاس کی ضَروری وَضاحت پڑھ لیجئے:

       نِفاس کی زیا د ہ سے زيادہ مدّت 40 دن ہے یعنی اگر 40 دن کے بعدبھی بندنہ ہوتومرض ہے۔لہٰذا 40 دن پورے ہوتے ہی غُسل کرلے اور 40 دن سے پہلے بندہوجائے خواہ بچّہ کی ولادت کے بعدچند دنوں بعد ہی بندہوجائے توجس وقت بھی بندہو غسل کرلے اورنَماز و روزہ شُروع ہوگئے۔ اگر 40 دن کے اندر اندر دوبارہ خون آگیا تو شُروعِ ولادت سے ختم ِخون تک سب دن نفاس ہی کے شمار ہوں گے ۔مَثَلاً ولادت کے بعد دو تین دن تک خون آکر بند ہوگیا اورغسل کرکے نَماز روزہ وغیرہ کرتی رہی ، 40 دن پورے ہونے میں فقط دو مِنَٹ باقی تھے کہ پھر خون آگیا تو سارا چِلّہ یعنی مکمّل 40 دن نفاس کے ٹھہريں گے۔ جو بھی نَمازیں پڑھیں یا روزے رکھّے سب بَیکار گئے ،یہاں تک کہ اگر اس دَوران فرض و واجِب نَمازیں یا روزے قضاکئے تھے تو وہ بھی پھر سے ادا کرے۔البتہ اس سارے عرصے میں  روزانہ کی پانچ نمازیں اگر پڑھیں تو ان کی قضا نہیں ہوگی کہ نفاس کی حالت میں نماز فرض نہیں ہوتی اور بعد میں ان کی قضا بھی نہیں البتہ رمضان المبارک کے روزے اگر رکھے ہوں تو ان کی بعد میں قضا کرنی ہوگی۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم