Yazid Aur Abu Talib Ke Bare mein Ahle Sunnat Ke Kiya Aqaid Hain?

یزید اورابوطالب کے بارےمیں اہلسنت کے کیا عقائدہیں؟

مجیب:   مفتی فضیل صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:   Har:1913

تاریخ اجراء:04محرم الحرام  1438 ھ/06اکتوبر  2016 ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائےدین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ کچھ لوگ یزید کی تعریف کرتے ہیں اور کچھ اسے کافر کہتے ہیں لہٰذا بیان فرمادیں کہ یزید کے متعلق ہمیں کیا عقیدہ رکھنا چاہئے؟نیز ابوطالب کے اسلام و کفر کے متعلق کیا تحقیق ہے ؟

         سائل:عبدالغفور عطاری (ٹنڈوجام ، حیدرآباد )

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    یزیدسخت فاسق و فاجر اور جری علی الکبائر تھا، اس کے فاسق و فاجر ہونے پر اہلسنت کا اجماع ہے ۔اہلبیت اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین پر اس کی طرف سے کیے گئے مظالم اور پھر  اس کے بعد مکۃ المکرمہ اور مدینۃ المنورہ کی بے حرمتی اور حرمین طیبین میں رہنے والوں پر ظلم و ستم مشہور و معروف ہیں لہٰذا اس پلید کی مدح و ثنا  کرنے والا سنی نہیں بلکہ گمراہ  ناصبی و  خارجی ہی ہو سکتا ہے البتہ یزید کے کفر میں علمائے اہلسنت کے درمیان اختلاف ہے اور ہمارئے امام ، امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ تعالی علیہ  کا مذہب محتاط  سکوت ہے( یعنی آپ اس کا معاملہ اللہ عزوجل کے سپرد کرتے ہیں نہ کافر کہتے ہیں اور نہ ہی مسلمان ،) یہ مذہب ہی احتیاط کے زیادہ قریب ہے کیونکہ اس سے فسق و فجور مشہور و  متواتر ہے کفر نہیں ۔

    نیز ابوطالب کے متعلق تحقیق یہ ہے کہ اس کی موت کفر کی حالت میں ہوئی تھی ۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم