Shaitan Ko Maut Kab Aye Gi?

شیطان کو موت کب آئے گی؟

مجیب:مفتی علی اصغرصاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Nor 9208

تاریخ اجراء:28محرم الحرام1440ھ/09اکتوبر2018

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ شیطان کو موت کب آئےگی ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    شیطان کو نفخہ اُولیٰ کے وقت موت آئے گی۔نفخہ اُولیٰ سے مرادحضرت اسرافیل علیہ السلام کا پہلی مرتبہ صور پھونکنا ہے ، جس کی وجہ سے ہر چیز فنا ہو جائے گی ،انسان ہوں یا فرشتے ، جن ہو یا شیاطین سب مرجائیں گے ،اس کے چالیس سال بعد دوسرا صور پھونکا جائے گا، تو مردے زندہ ہو جائیں  گے ، پھر قیامت قائم ہوگی ۔

    تفسیر درمنثورمیں ہےکہ” النفخۃ الاولیٰ یموت فیھا ابلیس وبین النفخۃ والنفخۃاربعون سنۃ قال فیموت ابلیس اربعین سنۃ “یعنی نفخہ اُولیٰ  کے وقت ابلیس کو موت آئے گی اور نفخہ اُولیٰ اورنفخہ ثانیہ کے مابین چالیس سال کا عرصہ ہو گا اور کہا کہ ابلیس چالیس سال تک مردہ  رہےگا۔

(تفسیر در منثور ، ج5،ص71،مطبوعہ دار الاحیاء والتراث )

    حاشیۃ الجمل علی الجلالین میں ہےکہ” ﴿ قَالَ فَاِنَّکَ مِنَ الْمُنۡظَرِیۡنَ اِلٰی یَوۡمِ الْوَقْتِ الْمَعْلُوۡمِ ﴾ یعنی الوقت الذی یموت فیہ جمیع الخلائق وھو وقت النفخۃ الاولیٰ فتموت فیھا ثم تبعث مع الناس فمدۃ موتہ اربعون سنۃ وھی مابین النفختین“یعنی اللہ پاک نے فرمایا کہ تو ان میں سے جن کو اس معلوم وقت تک مہلت ہے یعنی وہ وقت جس میں تمام مخلوقات کو موت آئے گی اور وہ نفخہ اُولیٰ کا وقت ہے،تو بھی اسی وقت مرےگا، پھر تو لوگو ں کے ساتھ قیامت والے دن اٹھے گا ،شیطان کی موت کی مدت چالیس سال ہے جوکہ دونوں نفخوں کے مابین کا عرصہ ہے(یعنی شیطان چالیس سال تک مردہ حالت میں رہے گا )۔

(حاشیۃ الجمل ، ج4،ص183،مطبوعہ کراچی  )

    مفتی امجد علی اعظمی بہار شریعت میں نفخہ اُولیٰ کے متعلق لکھتےہیں کہ”دفعۃ حضرت اسرافیل علیہ السلام کو صور پھونکنے کاحکم ہو گا ۔ شروع شروع اس کی آواز بہت باریک ہوگی اور رفتہ رفتہ بہت بلند ہوجائے گی ۔ لوگ کان لگاکر اس کی آواز سنیں گے اور بے ہوش ہوکر گر پڑیں گے اور مر جائیں گے ،آسمان ،زمین ،پہاڑیہاں تک کہ صور اور اسرافیل اورتما م ملائکہ فنا ہوجائیں گے ۔

( بہار شریعت ، ج1،ص128،مکتبۃالمدینہ )

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم