Shaitan Aag Ka Bana Hua Hai Tu Kya Use Aag Ka Azab Hoga ?

شیطان آگ کا بنا ہوا ہے،تو کیا اسے آگ کا عذاب ہو گا ؟

مجیب: عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ

فتوی نمبر: WAT-1350

تاریخ اجراء:       19جمادی الاخریٰ1444 ھ/12جنوری2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   شیطان آگ کا بنا ہوا ہے، تو جب اسے جہنم کی آگ میں ڈالا جائے گا، تو کیا اسے عذاب ہو گا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   شیطان بھی جنات میں سے  ہے اور جس طرح دیگر جنات کو جہنم میں عذاب ہو گا، اسی طرح شیطان کو بھی جہنم کی آگ کا عذاب ہو گا اور جنات کو بھی جہنم کا عذاب ہو گا، اس کا بیان قرآن کریم میں موجود ہے ۔چنانچہ قرآن کریم میں جنات کے عذاب کے متعلق فرمایا گیا : وَ اَمَّا الْقٰسِطُوْنَ فَكَانُوْا لِجَهَنَّمَ حَطَبًاۙ(۱۵) ترجمہ کنز العرفان :اور رہے ظالم وہ جہنم کے ایندھن ہوئے۔(پارہ29، سورۃ الجن، آیت15)

   اس کےتحت  تفسیر تحت صراط الجنان میں ہے:” اِس آیت سے ثابت ہوتا ہے کہ کافر جن جہنم کی آگ کےعذاب میں گرفتار کئے جائیں گے اور یاد رہے کہ جِنّات اگرچہ آگ سے پیدا کئے گئے ہیں،لیکن اللہ تعالیٰ اس بات پر قادر ہے کہ وہ آگ کو آگ کے ذریعے عذاب میں مبتلاء کر دے یا جِنّات کی ہَیئَت تبدیل کر کے انہیں عذاب دے لہٰذا یہاں یہ نہیں کہا جاسکتا کہ جب جِنّات آگ سے پیدا کئے گئے ہیں ، تو انہیں آگ سے عذاب کیسے ہو گا۔"(مدارک، الجن، تحت الآیۃ۱۵، ص۱۲۸۹، خازن، الجن، تحت الآیۃ۱۵ ، ۴ ۳۱۷-۳۱۸، ملتقطاً)(صراط الجنان،ج10،ص392،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم