Kya Jannati Miya Biwi Ek Hee Darje mein Honge?

کیا جنتی میاں بیوی ایک ہی درجے میں ہوں گے؟

مجیب:ابوالفیضان مولانا عرفان احمد عطاری

فتوی نمبر:WAT-3311

تاریخ اجراء:13جمادی الاولیٰ1446ھ/16نومبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میاں بیوی دونوں جنتی ہوئے،تو وہ دونوں جنت میں جائیں گے،میرا سوال یہ ہے کہ جنت میں اعمال کے اعتبار سے درجات مختلف ہوں گے،کیاجنت میں میاں بیوی دونوں کا الگ الگ درجہ ہو گا؟یا کس طرح ہو گا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگر دونوں میاں بیوی جنتی ہوں،تو جنت میں ایک ساتھ ہوں  گے،ان میں سے جس کا درجہ اعلی ہو گا ،اللہ کریم کم درجے والے کا درجہ بڑھا کر  دونوں میاں بیوی کو اعلی درجے میں جمع فرما دے گا۔

   جیساکہ اللہ کریم نے ارشاد فرمایا﴿جَنّٰتُ عَدْنٍ یَّدْخُلُوْنَهَا وَ مَنْ صَلَحَ مِنْ اٰبَآىٕهِمْ وَ اَزْوَاجِهِمْ وَ ذُرِّیّٰتِهِمْ﴾ ترجمہ کنز الایمان: بسنے کے باغ جن میں وہ داخل ہوں گے اور جو لائق ہوں ان کے باپ دادا اور بی بیوں اور اولاد میں۔(پارہ13، سورۃ الرعد، آیت:23)

   اس آیت مبارکہ کے جز﴿وَ مَنْ صَلَحَ مِنْ اٰبَآىٕهِمْ وَ اَزْوَاجِهِمْ وَ ذُرِّیّٰتِهِمْ﴾ کے تحت تفسیر ابن کثیر میں ہے:”أي يجمع بينهم وبين أحبابهم فيها من الآباء والأهلين والأبناء، ممن هو صالح لدخول الجنة من المؤمنين، لتقر أعينهم بهم حتى إنه ترفع درجة الأدنى إلى درجة الأعلى امتنانا من الله وإحسانا من غير تنقيص للأعلى عن درجته“ترجمہ:یعنی اللہ کریم جنتیوں کو ان کے آباؤ اجداد ، اولاداور گھر والوں میں سے ان کے ساتھ جمع فرمائے گا،جو مؤمنین میں سے جنت میں داخل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہو گا،تاکہ ان جنتیوں کی آنکھیں ان کی بدولت ٹھنڈی ہوں،حتی کہ کم درجے والے پر احسان کرتے ہوئے ،اس کا درجہ بڑھا کر اعلی درجے  والے کے ساتھ کر دیا جائے گا جبکہ    اس کی درجہ میں کمی نہ ہوگی۔(تفسیر ابن کثیر،جلد4،صفحہ388، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم