kiya Allah Azzawajal Ko Khuda Keh Sakte Hain ?

کیا اللہ عزوجل کو خدا کہہ سکتے ہیں؟

مجیب:مفتی قاسم صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Pin:4904

تاریخ اجراء:26صفرالمظفر1438ھ/27نومبر2016ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ اللہ عزوجل کو خدا کہہ سکتے ہیں؟ حالانکہ قرآن عظیم میں یہ نام نہیں، اور نہ ہی اللہ عزوجل کے اسمائے گرامی میں موجود ہے، اس بارے میں رہنمائی کیجئے۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     اللہ عزوجل کو خدا کہنا جائز ہے، کیونکہ وہ اسماء جن کا اطلاق اللہ عزوجل کے لئے کتاب اللہ یا سنت رسول سے ثابت ہو، یا ان کے استعمال پر اجماع وارد ہو چکا ہو، تو ان اسماء کا اطلاق بلاشبہ اللہ عزوجل کے لئے جائز ہے۔اور لفظ خدا فارسی کا لفظ ہے، اس لئے کتاب و سنت میں تو موجود نہیں، لیکن اجماع واردہو چکا ہے، اور جواز کے لئے یہی کافی ہے۔پھر یہ کہ اکابر علماء ِ دین صدیوں سے اس لفظ کو بلا اِنکار استعمال کرتے اور اپنی کتب میں نقل فرماتے آئے ہیں۔

     علاوہ ازیں فقہائے کرام نے کتب فقہ اور اکابر شعراء نے اپنے اشعار میں کثرت سے اللہ عزوجل کے لئے لفظ خدا استعمال فرمایا ہے، اور اگر  مفسرین، محدثین، فقہاء، علماء، صوفیاء اور اکابر اولیاء کرام کی کتابوں کا مطالعہ کریں تو اتنی کثرت سے یہ لفظ انہوں نے استعمال فرمایا ہے جن کی تعداد شمار سے باہر ہے۔ تو مذکورہ تفصیل سے واضح ہو گیا کہ اللہ عزوجل کے لئے لفظ خدا استعمال کرنا بالکل جائز ہے۔ ایسے مقامات پر یاد رکھنا چاہیے کہ ہم اپنی عقل کی بجائے بزرگانِ دین اور امت ِ مسلمہ کے مجموعی فہم پر اعتماد کریں جو یقینا ہم سے زیادہ علم، دین کی سمجھ اور اللہ تعالیٰ کی معرفت رکھتے تھے۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم