Is Baat Ki To Mere Farishton Ko Bhi Khabar Nahi ise Jumle Ka Hukum?

اس بات کی تومیرے فرشتوں کو بھی خبر نہیں اس جملے کا حکم

مجیب:مفتی ہاشم صآحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر: Lar-8962

تاریخ اجراء:19ذوالحجہ1440ھ/21اگست2019ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ بعض اوقات لوگ یہ جملہ بولتے ہیں کہ اس بات کی تو میرے فرشتوں کو بھی خبر نہیں ۔کیا یہ جملہ کفریہ ہے ؟ 

سائل:احمد حسن (لاہور)

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    یہ جملہ کفریہ نہیں ہے، کیونکہ اس میں فرشتوں کی توہین نہیں ہے ، یہ جملہ اردو زبان کا محاورہ ہے اور اس سے مراد یہ ہوتی ہے کہ اس بات سے تو میں محض ناواقف ہو ں ، یہ بات تو میرے وہم وگمان میں بھی نہیں ہے ،یعنی اگر یہ میرے گمان میں  بھی ہوتی ،تو کراماً  کاتبین کو ضرور معلوم ہوتی ۔

    نور اللغات میں ہے :’’فرشتوں کو خبر نہ ہونا ۔محض ناواقف ہونے کی جگہ ،بالکل راز ہونے کی جگہ۔(فقرہ) میرے فرشتوں کو خبر نہیں تم کب آئے کب گئے ۔‘‘

       (نور اللغات ،حصہ سوم ،صفحہ576،حلقہ اشاعت،لکھنؤ)

    شیخ طریقت امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم القدسیہ اپنی شہرہ آفاق کتاب ’’کفریہ کلمات کے بارے سوال جواب ‘‘میں لکھتے ہیں :’’سُوال:’’اس بات کا تو میرے فرِشتوں کو بھی علم نہیں‘‘کہنا کہیں کفر تو نہیں؟

جواب:یہ کفر نہیں ہے۔ یہ فرِشتوں کی تَوہین نہیں، یہ اُردو زَبان کا مُحاوَرہ ہے ۔ کہنے والے کامَنشایہ ہوتا ہے کہ یہ بات تو میرے وَہم و گُمان میں بھی نہیں ، یا اِس کے بارے میں میں نے کبھی سوچا تک نہیں، اگر میں نے اِس سلسلے میں ذِہن کے اندر بھی کوئی ترکیب بنائی ہوتی تو ’’کِراماً کاتِبِین‘‘ کو یقینا معلوم ہو جاتا وغیرہ۔‘‘؎

        (کفریہ کلمات کے بارے میں  سوال جواب،صفحہ301،مکتبۃ المدینہ ،کراچی )

وَاللہُ اَعْلَمُ  عَزَّوَجَلَّ  وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم