Zaat e Bari Taala Ke Liye Chaudhary Ka Lafz Istemal Karna Kasia ?

ذات باری تعالی کےلیے چوہدری کا لفظ استعمال کرنا کیسا؟

مجیب:مولانا عرفان صاحب زید مجدہ

مصدق:مفتی ھاشم صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Lar:6350-b

تاریخ اجراء:11جمادی الثانی 1438ھ/11 مارچ 2017ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص نے دوران تقریریہ جملہ کہاہے:"ایساکتااللہ نے پالیا۔۔۔جیڈاوڈاکوئی چوہدری ہووے اوڈاوڈااس کتاپالیاہوندااے،اللہ ساریاں توں وڈاچوہدری اے،اس ساریاں توں وڈاکتابن کے رکھیااے،(یعنی ابلیس)"

     شرعی رہنمائی فرمائیں کہ اس مقررکایہ کہنا کیساہے اوراس کی بیعت ہوناکیساہے؟ 

سائل :تنویرالحسنین جلالی(درالعلوم منظراسلام،ضلع گجرات)

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     اس جملے میں مقررنے اللہ تعالی کے لیے “چوہدری”کالفظ استعمال کیا،اس لفظ کااستعمال شرع میں واردنہیں اورایسانام اللہ تعالی کے لیے استعمال کرنے کی شرعااجازت نہیں ،نیزاس لفظ کے ایسے معنی بھی ہیں جواللہ تعالی کی شان کے لائق نہیں ہیں،اس کے لیے وہ محال ہیں اورایسالفظ استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے ۔لہذامقررپرلازم ہے کہ جس طرح سب کے سامنے اس نے یہ جملہ بولاہے اسی طرح سب کے سامنے اس سے توبہ کرے ،اگروہ اس سے توبہ کرےاوراس میں پیرکی چاروں شرائط جمع ہوں تواس سے مریدہواجاسکتاہے وگرنہ نہیں ۔

     تفصیل یہ ہے کہ اللہ تعالی کے اسماء توقیفی ہیں یعنی شرع میں جوآئے اسے انہی ناموں سے یادکیاجاسکتاہے اس کے علاوہ بلااجازت شرعی اپنی طرف سے کوئی نام اس کے لیے استعمال کرناجائزنہیں اورچوہدری کالفظ شرع میں استعمال نہیں ہوا،لہذااسے بھی اللہ تعالی کے لیے استعمال کرناجائزنہیں ۔

     نیزلفظ“چوہدری”کے معنی لغت میں یہ ہیں“سرغنہ(سردار)نمبردار،مقدم،گاوں کاسردار،میرمحلہ،زمینداروں کاایک خطاب ” اور نمبردار کامطلب ہے “وہ شخص جوکسی گاوں یااس کے کسی حصہ کی سرکاری مال گذاری وصول کرکے سرکاری خزانے میں داخل کراتاہے”

     اس میں ایسے معنی بھی ہیں جواللہ تعالی کے لیے محال ہیں ۔اورعلماء فرماتے ہیں محض معنی محال کاایہام ممانعت کے لیے کافی ہے ۔

     پیرہونے کے لیے شرعاچارشرائط ہیں:(1)ایک شرط سنی صحیح العقیدہ ہونا۔(2)دوسری شرط فقہ کااتنا علم کہ اپنی حاجت کے سب مسائل جانتاہو اورحاجت جدید پیش آئے تواس کاحکم کتاب سے نکال سکے۔(3)تیسری شرط اس کاسلسلہ حضوراقدس صلی اﷲتعالٰی علیہ وآلہ وسلم تک صحیح ومتصل ہو۔(4)چوتھی شرط علانیہ کسی کبیرہ کامرتکب یاکسی صغیرہ پرمصرنہ ہو۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم