Allah Pak Ki Taraf Galti Ki Nisbat Karna

اللہ تعالی کی طرف غلطی کی نسبت کرنا

مجیب: مولانا عبدالرب شاکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2275

تاریخ اجراء: 04جمادی الثانی1445 ھ/18دسمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   یہ کہنا کیسا ہے کہ تم نے عورت بننا تھا اللہ تعالیٰ نے غلطی سے مرد بنا دیا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   سوال میں بیان کردہ جملہ بولنا کفر ہے۔

   "کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب" نامی کتاب میں ہے” یہ کہنا کہ اللہ   عَزَّوَجَلَّ خطا کرتا ہے یا یہ کہنا کہ اس میں کوئی نَقص(یعنی خامی)ہے۔ یہ دونوں کُفرِیات ہیں۔‘‘ (کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب،ص 133،مکتبۃ المدینہ)

   "کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب "نامی کتاب میں ہے:

”او میرے ربا ربا رے ربا یہ کیا غضب کیا

جس کو بنانا تھا لڑکی اسے لڑکا بنا دیا‘‘

   اس کفریات سے بھرپور شعر میں اللہ عزوجل پر اعتراض اور اس کی توہین ہے۔(کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب، ص 517،مکتبۃ المدینہ)

   ایمان کی حفاظت "نامی کتاب میں ہے”جو اللہ تعالی کے لئے خطا،نسیان اور نقصان کو جائز قرار دے وہ کافر ہے۔یہ کہنا کہ اللہ تعالی خطا کرتا ہےیا یہ کہنا کہ اللہ تعالی بھولتا ہے یا یہ کہنا کہ اس میں کوئی نقص ہے ،کفر ہے۔‘‘(ایمان کی حفاظت، ص 32،صدیقی پبلشرز،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم